Live Updates

عمران خان محبوب کی طرح امریکی سفیر کو ویڈیو کال کرتے ہیں،شہیدوں کے خلاف گھٹیامہم چلا کر عمران خان نے بہت غلط کیا ہے ، تنقید اور بغاوت میں بڑا فرق ہے، عمران خان نواز شریف کے ساتھ اپنے کیسز کو نہ ملائیں،طلال چوہدری کی پریس کانفرنس

جمعہ 12 اگست 2022 22:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2022ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ شہیدوں کے خلاف گھٹیامہم چلا کر عمران خان نے بہت غلط کیا ہے ، تنقید اور بغاوت میں بڑا فرق ہے ، عمران خان نواز شریف کے ساتھ اپنے کیسز کو نہ ملائیں،نواز شریف کو ناکردہ گناہوں کی سزا دی گئی جبکہ عمرا ن خان نے تمام جرم کئے ہیں ، بس اب سزا کا تعین ہونا باقی ہے،جس طرح لوگ اپنے محبوب سے ویڈیو کال کرتے ہیں اسی طرح عمران خان امریکی سفیر کو ویڈیو کال کرتے ہیں۔

جمعہ کی شام فیصل آباد میں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آنٹی پنکی پیرنی کو مبارک ہو "ارسلان بیٹا "وزیر بن گیا ہے وہ جوسوشل میڈیا پر سارا سارا دن لوگوں کو گالیاں دیتا اورفوج کے خلاف مہم چلاتا تھا اسے پرویز الٰہی کا وزیر بنادیا گیا ہے اس پرویز الٰہی کا جو کہتے ہیں کہ مجھے فوج سے بہت پیار ہے لہٰذا قوم ان سے پوچھنا چاہتی ہے کہ کیا اسی کو پیار کہتے ہیں کہ ایک طرف ایک شخص ملکی اداروں کے خلاف منظم مہم کے تحت زہر اگل رہا ہو اور دوسری طرف اسے وزیر بنادیاجائے یہ کیا منافقت ہے؟انہوں نے کہا کہ جس حکومت میں افواج پاکستان کے خلاف ٹرینڈ چلانے، مخالفین کو گالیاں نکالنے، لوگوں میں غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے والے کو صرف اور صرف آنٹی پنکی پیرنی کی خوشنودی کیلئے وزیر بنادیا جا ئے اس حکومت کی ذہنی و اخلاقی گراوٹ کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب تو ان کی جماعت سے تعلق رکھنے والے صدر پاکستان بھی تسلیم کرچکے ہیں کہ فارن فنڈنگ کے پیسے لئے گئے ہیں تو اب عمران خان کس منہ سے خودداری، امریکہ کی غلامی سے نجات اور امریکہ سے آزادی کے نعرے لگا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے ان کے لوگوں سے پیسے لیتے رہے ہیں اور وہ عمران خان جو روزانہ امریکی برانڈ کی نئی ٹی شرٹ پہن کر امریکہ کے خلاف خود بھاشن دیتا ہے وہ اندر کھاتے امریکہ سے تعلقات بہتر کرنے کیلئے سر توڑ کوششیں کررہاہے یہی نہیں بلکہ اس نے اسی امریکی، بھارتی، اسرائیلی پیسے سے امریکہ میں لابنگ کیلئے فرم ہائر کی ہے تاکہ اس کی معافی تلافی ہوسکے،اس نے اپنی چاروں حکومتوں بشمول کے پی کے، پنجاب، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو کہا ہے کہ جیسے بھی ممکن ہو اس کے امریکہ سے تعلقات بہتر کروائے جائیں اسی لئے کے پی کے حکومت نے امریکیوں کا ریڈ کارپٹ ویلکم کیا اور پرویز الٰہی روزانہ اٹھ کر صبح امریکی سفیر کو گڈ مارننگ کہتے ہیں لہٰذا یہ منافقت اور دوہرا طرز عمل عوام کو مزید بیوقوف نہیں بناسکتا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ جس طرح کوئی اپنے محبوب کواسلئے ویڈیو کال کرتا ہے کہ صرف آواز سے اس کے دل کی تسلی تشفی نہیں ہوتی اسی طرح عمران خان بھی امریکی سفیر کو ویڈیو کال کرتے اور منت سماجت کرکے معافی تلافی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اب بار بار نواز شریف کا نام لیکر انہیں اپنی جانب راغب کرتے ہوئے این آر او لینا چاہتا ہے اور کبھی کہتا ہے کہ نواز شریف نے یہ کہا، کبھی کہتا ہے کہ مریم نواز شریف نے یہ کہا اور کبھی کہتا ہے کہ فضل الرحمن نے یہ کہا لیکن ہم اسے یہ بتانا چاہتے ہیں کہ وہ جائز تنقید کرتے تھے مگر تنقید اور بغاوت میں بہت فرق ہوتا ہے لہٰذا نواز شریف کی تنقید کو بغاوت سے نہ جوڑا جا ئے کیونکہ انہوں نے شہدا کے خاندانوں کو ہمیشہ سینے سے لگایا اور انہیں اعزازات سے نوازتے ہوئے ان کی اشک سوئی کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے کیسوں کو نواز شریف کے کیسوں کے ساتھ مت ملائیں کیونکہ نواز شریف کو صرف ناکردہ گناہوں کی سزا دی گئی مگر آپ نے تو سنگین جرم کئے ہیں جو ثابت بھی ہوچکے ہیں بس اب سزا کا تعین ہونا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کہہ رہے تھے کہ کیس کی کارروائی کا اردو ترجمہ کروا لیں تو پتہ چل جائے گااسلئے ہم کہتے ہیں کہ وہ ترجمہ کروائیں کیونکہ ان کے ہر صفحے پر امریکہ، امریکہ ہی لکھا ہوا ملے گا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے اپنی صوبائی حکومتوں کو کہا ہے کہ میرے منہ سے بغیر سوچے سمجھے کچھ نکل گیاجس پر امریکہ ناراض ہے لہٰذا انہیں منائیں اسلئے عمران خان نے صوبوں کوجو ٹاسک دے رکھا ہے کہ انکے تعلقات کو بہتر بنایا جائے وہ اس پر کام کررہے ہیں بلکہ امریکہ سے معافی کیلئے عمران خان خود بھی منتیں کررہاہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ ان کے چیف آف سٹاف شہباز گل نے جو کہا وہ اسکی مذمت کیوں نہیں کرتے اوراگر اس نے غلط کیا ہے تو اسے عہدے سے کیوں نہیں ہٹایا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں شہباز گل پر ترس آرہا ہے کہ اس سے کیا کام کروا لیا گیا اور پھر انہیں تھانہ کوہسار میں کوئی ملنے یا روٹی تک نہیں دینے گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پریہ سب کچھ ہوا کیوں کہ وہ چیف آف سٹاف ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ شہیدوں کے خلاف گندی مہم چلا کر عمران خان نے بہت غلط کیا ہے اور اب جب اس کا خمیازہ بھگتنے کا وقت آیا ہے تو اب یہ نمبر بلاک والے نمبروں پر کالیں کررہا ہے مگراب ان کالز کو کوئی رسپانس نہیں مل رہا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اپنے ساتھ ملاکر یہ کبھی نواز شریف نہیں بن سکتا کیونکہ جو شہزادوں سے پاکستان کو ملنے والے تحفے بھی نگل جائے، خیرات کے پیسوں سے اپنی گھر والی کو شاپنگ کروائے وہ شخص نواز شریف کے ساتھ کیسے مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف تمام کیسز غلط ہیں جو سیاسی طوربنائے گئے ہیں۔طلال چوہدری نے کہا کہ چیف آف سٹاف نے صرف دو دن کی حوالات کی ہوا کھائی ہے تو اسے پتہ چل گیا ہے اور باقی پی ٹی آئی خود ہی سیدھی ہوگئی ہے لیکن اب سب کی باری آنیوالی ہے اور جس جس نے جرم کیا ہے اسے سزا بھگتنا ہی ہوگی۔

طلال چوہدری نے کہا کہ شہباز گل کے ڈرائیورکی بیوی کی گرفتاری پر ان کی جماعت کے قائدین مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جب تک جرم ثابت نہ ہو خاتون کو گرفتار نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کے کہنے پر ہر شہر کا ڈی سی اور اے سی بسیں پکڑ پکڑ کر جلسے کیلئے ایم پی ایز کو دے رہا ہے جبکہ جلسے کیلئے ہاکی اسٹیڈیم لاہور کو تباہ کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اب اپنا نام تو بدل سکتا ہے لانگ مارچ نہیں کرسکتا اسلئے عمران خان کو چاہیے وہ شہباز گل کو مل لیں کیوں کہ انہیں جگہ کا پتہ ہونا چاہیے اسلئے کہ عمران خان نے بھی وہیں جانا ہے جہاں شہباز گل ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات بہترکرنے کیلئے مریکی،بھارتی،اسرائیلی جو پیسے دیتے تھے آپ نے اس پیسے سے فارن لابی کیلئے فرم ہائر کی ہے مگر اس طرح کام نہیں بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ آ پ کی زبان اور منہ سے اداروں کے خلاف جو بات کہی جاتی تھی وہی شہباز گل نے دہرائی ہے اگر ایسا نہیں توگل کے بیان کی مذمت کیوں نہیں کرتے اوراگر وہ غلط ہے تو اس کی مذمت کیوں نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ،ہم نے کارگل کے شہیدوں کو نشان حیدر دیئے،نواز شریف نے شہیدوں اور اداروں کے ساتھ کبھی بغاوت نہیں کی لیکن یہ سادہ بننے کی کوشش کر رہے ہیں اور خود کو نواز شریف سے ملا رہے ہیں لیکن نواز شریف اور تمہارے میں بہت فرق ہے،کونسا جرم ہے جو تم نے کیا نہیں،تم پاکستان کو ملنے والے تحفے بیج کر اورخیرات پر اپنا کچن چلاتے ہو اور مقابلہ نواز شریف سے کرتے ہو۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ہمارے وہی امیدوار الیکشن لڑیں گے اور شاندار کامیابی بھی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وطیرہ رہا کہ یوز، ایبیوز اینڈ ڈسپوز آف اسی لئے اس نے ہر دور میں اپنے محسنوں، دوستوں اور ساتھیوں کو استعمال کیا پھر انہیں ٹشو پیپر کی طرح پھینک دیا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نواز شریف سے این آر او نہ مانگیں اور نہ ہی انہیں مختلف انداز میں پیغام بھیجیں کیونکہ جو جرم عمران خان نے کئے ہیں اس کی سزا انہیں مل کر رہے گی اور ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے آگے آگے دیکھئے کیا ہوتا ہے کیونکہ ان کے جرائم سے آہستہ آہستہ پردہ اٹھ رہا ہے جس کی سزا ان بھگتنا ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات