ہیلپ لائن 15 مدد گارسینٹرکی صلاحیت و افادیت کو مزید بہتر بنایا جائے ، آئی جی پولیس بلوچستان

کسی بھی ایمرجنسی کال پر فوری ایکشن لیا جائے ،مد د گار سینٹر کال کو متعلقہ تھانے کے وائرلیس کنٹرول روم کو بھجوائیں ، عبد الخالق شیخ

جمعہ 12 اگست 2022 23:04

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2022ء) آئی جی پولیس بلوچستان عبدا لخالق شیخ نے کہا ہے کہ پولیس کے ہیلپ لائن ایمرجنسی 15-مدد گارسینٹرکی صلاحیت و افادیت کو مزید بہتر بنانے کیلئے موجود دور کے تقاضوں کے مطابق کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں،کسی بھی ایمرجنسی کال پر فوری ایکشن لیا جائے ، مد د گار سینٹر اس کال کو متعلقہ تھانے کے وائرلیس کنٹرول روم کو بھجوائیں، اس طرح پولیس شہری کی مددکیلئے چند منٹوں میں پہنچ جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمرجنسی- 15 مددگار سینٹر کے دورہ کے دور ان کیا۔آئی جی پولیس بلوچستان نے ہدایات جاری کیں کہ ایمرجنسی 15- مددگار ہیلپ لائن کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے تمام وسائل فراہم کیئے جائیں گے جس سے نہ صر ف پبلک سروس ڈیلیوری میں مزید بہتری لائے گی اس کے علاوہ پولیس کے نظام کو جدید تقاضوں پر استوار کیا جائے گا تاکہ اس نظام کے تحت جرائم پیشہ افرا د کا ڈیٹا بلوچستان پولیس کے پاس ہوگا اور تھانہ کلچر کی تبدیلی کیلئے تھانے کے تمام نظام کو بھی اس جدید کمانڈ سینٹر کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عوام کو درپیش مشکلات، مسائل اور فوری مدد کے تناظر میں ایمرجنسی رسپانس ٹائم کو مزید کم کرکے بروقت مدد کو یقینی بنایا جائے۔انہوںنے کہاکہ مددگار ہیلپ لائن کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری وسائل فراہم کیئے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ مختلف مخصوص لوکیشنز پر پیٹرولنگ وہیکلز ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے تیار کھڑی ہوں گی تا کہ ریسپانس ٹائم کا دورانیہ کم ہو سکے۔

اچھی کارکردگی کا مظاہر کرنے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کر تے ہوئے انعامات سے نوازہ جائے گا۔ اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان نے ایس ایس پی ٹریفک آفس کوئٹہ کا بھی دورہ کیا آئی جی پولیس نے ہدایات جاری کیں کہ کوئٹہ میں ٹریفک کی صورتحال کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ بے ہنگم ٹریفک، لین مارکنگ، سائن بورڈز، ٹریفک سگنلز کی عدم دستیابی اور روڈ انجیئرنگ جیسے مسائل درپیش ہیں جس وجہ سے ٹریفک کا بہائومتاثر ہوتا ہے،اگرچہ ان مسائل کو دور کرنے میں باقاعدہ پلاننگ کی ضرورت ہے جس میں بہت وقت لگ سکتا ہے تاہم ان مسائل کے فوری حل کیلئے مخصوص رش والی سڑکوں کی نشاندھی کی جائے، روڈ انجینئرنگ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے یہی سڑکیں مرحلہ وار ماڈل روڈز بن جائیں گی جن پر باقاعدہ روڈ مارکنگ، ٹریفک سگنلز اور پارکنگ ایریا کی دستیابی کو وسائل کے مطابق یقینی بنایا جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ کوئٹہ میں پارکنگ کا بہت بڑا مسلہ ہے پارکنگ پلازہ کی دستیابی کے ساتھ ساتھ دو مزید پارکنگ گرانڈ کی فراہمی کیلئے حکومت بلوچستان کو لکھا جارہا ہے۔