Live Updates

ج*پاکستان کے مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے، بلاول بھٹو زرداری

[ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کچھ پتہ نہیں ، اداروں کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں ٴپاکستان کا سب سے قیمتی خزانہ کی نوجوان نسل ہے، جو محنت قابلیت اور ذہانت میں کسی سے کم نہیں،بیان

جمعہ 12 اگست 2022 20:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2022ء) چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر انتخابات میں کامیابی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے اور 2023 کے انتخابات میں بھی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہے اور کہا جاتا ہے پیپلز پارٹی صرف سندھ میں کامیاب ہوسکتی ہے۔ پیپلز پارٹی نے بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا سے بھی نشستیں حاصل کیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کچھ پتہ نہیں جبکہ اداروں کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 4 سال میں ملک کو نقصان پہنچایا اور اب عمران خان کی جانب سے ملک کو پہنچائے جانے والے نقصان کو ایک رات یا دن میں بہتر نہیں کیا جا سکتے۔دریں اثناء نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے قیمتی خزانہ اس کی نوجوان نسل ہے، جو محنت قابلیت اور ذہانت میں کسی سے کم نہیں ۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ اکثر ترقی یافتہ ممالک کی آبادی بڑی عمر کے افراد پر مشتمل ہے، جبکہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی نوجوان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا سب سے آسان راستہ اپنے انسانی وسائل کو بروئے کار لانا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان نسل کے خوابوں اور امنگوں کو حقیقت بنانے کے آگے حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوجوان نسل کی ترقی پاکستان پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ مفت تعلیم اور سب کے لیے روزگار پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے متعلق مشہور تھا کہ "بینظیر آئے گی، روزگار لائے گی" پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پالیسی سازی و فیصلہ سازی میں نوجوانوں کو شراکتدار بنایا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات