ملک خداد پاکستان کی آزادی بزرگوں کی امانت ہے، مولاناعبدالقادر لونی

ملک کی اسلامی و نظریاتی تشخص کی حفاظت اور قومی وحدت کا فروغ موجودہ دور کا ایک بڑا چیلنج ہے ،ہمیں من حیث القوم اپنے ملک اور قوم کی بقا کی خاطر اس چیلنج کو قبول کرنا ہو گا،جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی رہنمائوںکا بیان

جمعہ 12 اگست 2022 21:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2022ء) جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی رہنمائوں نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان کی پاسداری قومی وحدت اور یکجہتی کی ذمہ داری من حیث القوم ملک کے ہر ہر فرد فرد پر عائد ہوتی ہے، ملک خداد پاکستان کی آزادی بزرگوں کی امانت ہے اگر نظریہ پاکستان سے غداری کی تو گویا اس امانت میں خیانت کے مرتکب ہوں گے۔

یہ بات جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی امیر مولاناخلیل احمد مخلص ،مرکزی سینئر نائب امیر مولاناعبدالقادر لونی ،مرکزی جنرل سیکرٹری مفتی شفیع الدین ،مرکزی سرپرست اعلیٰ مولاناڈاکٹر شمس الہدیٰ ،مرکزی نائب امیر مولاناعبدالروف ،مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری نجیم خان ایڈوکیٹ ،مرکزی جوائنٹ سیکرٹری مولانامحمودالحسن قاسمی ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید حاجی عبدالستار شاہ چشتی ،نائب امیر مولاناعزیزاحمدشاہ امروٹی،مولانا قاضی شمس الحق ،مولانا قاری محمداکمل ،قاضی گل الرحمن نکیال ،حاجی حیات اللہ کاکڑ ،مولاناحافظ خیر محمد مفتی فداء الرحمن ،ڈاکٹر محمودالحسن ودیگر نے جمعہ کو اپنے ایک بیان میں کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کی اسلامی و نظریاتی تشخص کی حفاظت اور قومی وحدت کا فروغ موجودہ دور کا ایک بڑا چیلنج ہے ،ہمیں من حیث القوم اپنے ملک اور قوم کی بقا کی خاطر اس چیلنج کو قبول کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتوں کی مسلسل ناپاک سازشوں کو بے نقاب کرنا قومی و دینی فریضہ ہے ،وطن عزیز مملکت خداداد پاکستان اس وقت چاروں جانب سے سیاسی علاقائی فروعی اور نظریاتی فتنوں کی زد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدات کا تحفظ فرض ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جس نظریہ کی بنیاد پر حاصل کیا تھا ،ان مقاصد کی حصول کے لئے ہمیں تجدید عہد کرنا ہے ،لاکھوں قربانیوں کو رائیگاں نہیں ہونے دینگے نظریاتی بنیادوں پر اکابرین کی کاز کو آگے بڑھا کر جلد کشمیر بھی پر آزادی کاپرچم بلند ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اکابرین نے پاکستان کو ایک خود مختار اور نظریاتی اسلامی ریاست کے بنیاد پر حاصل کیا تھا ،محض ایک ملک یا خطہ زمین کے نام پر آزاد نہیں ہوا مگر بدقسمتی سے آج تک جس نظریہ کی بنیاد پر ملک حاصل کیا تھا ،آج تک ہمارے حکمرانوں نے اس نظریہ کو پس پشت ڈال کر قومی نظریہ اور اکابرین کے لاکھوں قربانیوں کو فراموش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیکولر ریاست قرار دینے کی بھرپور کوششیں کررہی ہے تاکہ اس ملک کے اسلامی اور نظریاتی تشخص کوختم کریں۔