دفتر خارجہ کا ایف اے ٹی ایف اور جی ایس پی پلس جیسے اہم ترین معاملات کے حل پر بھی بہت فوکس ہے،بلاول بھٹو زر داری

چین اور امریکا گیا، ڈیووس کا دورہ کیا، وسطی ایشیا کے ممالک کے نمائندوں سے بات کی اور ہر جگہ سے پاکستان کے لئے مثبت تاثر ملا، عشائیہ سے خطاب

جمعہ 12 اگست 2022 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2022ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دفتر خارجہ کا ایف اے ٹی ایف اور جی ایس پی پلس جیسے اہم ترین معاملات کے حل پر بھی بہت فوکس ہے،چین اور امریکا گیا، ڈیووس کا دورہ کیا، وسطی ایشیا کے ممالک کے نمائندوں سے بات کی اور ہر جگہ سے پاکستان کے لئے مثبت تاثر ملا۔

جمعہ کو پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایوان صنعت و تجارت لاہور کے تحت ہونے والے عشائیے میں شرکت کی ۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا عشائیے میں آمد پر لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمان عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کیا۔

(جاری ہے)

عشائیے میں برطانیہ، برازیل، ایران، مصر، سری لنکا، عراق، سوئیڈن، یونان، ہنگری، انڈونیشیا، افغانستان، نیپال، پولینڈ، ناروے، سمیت 40 سے زائد ممالک کے سفارت کار شریک ہوئے ۔

بلاول بھٹو زر داری نے اپنے خطاب میں کہاکہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ ہم پاکستان کے قیام کا 75واں جشن آزادی منارہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ میں اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس کا شکرگزار ہوں کہ ایسے موقع پر یہ تقریب منعقد کی کہ جہاں سفارت کار بھی موجود ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کو اس مشکل وقت سے باہر نکالنا ایک چیلنج ہے اور اس کے لئے بہتر خارجہ پالیسی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ میں چین اور امریکا گیا، ڈیووس کا دورہ کیا، وسطی ایشیا کے ممالک کے نمائندوں سے بات کی اور ہر جگہ سے پاکستان کے لئے مثبت تاثر ملا۔ انہوںنے کہاکہ میں نے دنیا کے مختلف ممالک کے نمائندوں کے سامنے ایڈ کے بجائے ٹریڈ کا مقدمہ رکھا۔ انہوںنے کہاکہ دفتر خارجہ کا ایف اے ٹی ایف اور جی ایس پی پلس جیسے اہم ترین معاملات کے حل پر بھی بہت فوکس ہے۔