ملک میں آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لئے نوجوانوں کا بے مثال کردار رہا ہے، آصف علی زر داری

آنے والی نسلوں کو باوقار اور مہذب معاشرہ دینے کے لئے نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا، سابق صدر کا بیان

جمعہ 12 اگست 2022 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2022ء) سابق صدرپاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں،ملک میں آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لئے نوجوانوں کا بے مثال کردار رہا ہے۔ پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے اپنی زندگی آئین اور جمہوریت کے لئے وقف کی، پھانسیاں، کوڑے، تشدد اور قید خانے قبول کرکے جمہوریت کو فتحیاب کیا۔

سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک کو ہمیشہ نوجوان چادر دی ہے، پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پید کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ بیروزگاری کی وجہ سے نوجوان احساس محرومی کا شکار ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے عہدکے نوجوانوں کو تاریخ سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ آنے والی نسلوں کو باوقار اور مہذب معاشرہ دینے کے لئے نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ سیاستدانوں کی کردار کشی کا سلسلہ بہت پرانا ہے۔ پاکستان سیاستدانوں نے بنایا تھا اور سیاستدان ہی اس کی تعمیر کرتے رہے ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک جب بھی مشکلات کا شکار ہوا پیپلزپارٹی نے ملک کو مشکلات سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے فلسفے کے مطابق نوجوانوں کو آئندہ بھی بہتر مستقبل فراہم کرے گی۔