ایشیاء کپ میں ہونے والے میچز میں بھارت گرین شرٹس کو شکست دے گا: رکی پونٹنگ

بھارت کی بیٹنگ دوسری ٹیموں سے بہتر ہے، مجھے اسی لیے لگتا ہے کہ بھارت ایشیاء کپ جیتے گا: سابق آسٹریلین کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 13 اگست 2022 10:40

ایشیاء کپ میں ہونے والے میچز میں بھارت گرین شرٹس کو شکست دے گا: رکی پونٹنگ
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 اگست 2022ء ) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیاء کپ میں ہونے والے میچز میں بھارت گرین شرٹس کو شکست دے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ریویو میں 47 سالہ سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے کہا کہ بھارت کی بیٹنگ دوسری ٹیموں سے بہتر ہے، مجھے اسی لیے لگتا ہے کہ بھارت ایشیاء کپ جیتے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہو گا، لیکن فتح بھارت کو ملے گی۔ رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ میں، میں بھارت کے ساتھ ہوں۔ واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ایشیاء کپ 2022ء کے شیڈول کا اعلان کردیا، ٹورنامنٹ میں فائنل سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان 2 میچز ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

شیڈول کے مطابق افتتاحی میچ 27 اگست کو سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ہوگا اور 28 اگست کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دبئی میں مدمقابل ہوں گی جب کہ سپر فور میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 4 ستمبر کو متوقع ہے جب کہ ایونٹ کا فائنل 11 ستمبر کو ہوگا۔