ڈرون طیاروں کے لین دین پر روس، ایران کوامریکاکاانتباہ

ڈرون طیاروں کے پرزوں کی ایران کو فراہمی کا نیٹ ورک بھی ختم کریں گے، امریکی دفتر خارجہ

ہفتہ 13 اگست 2022 12:44

ڈرون طیاروں کے لین دین پر روس، ایران کوامریکاکاانتباہ
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2022ء) امریکہ نے خبر دار کیا ہے کہ روس اور ایران کے درمیان اسلحے کی تجارت قبول نہیں کی جائے گی اور اس وجہ سے ان پر اقتصادی پابندیوں کو زیادہ مضبوطی سے عاید کرے گا۔ امریکی دفتر خارجہ کی طرف سے یہ بات ایران سے روسی اہلکاروں کو ڈرون استعمال کی تربیت کے سلسلے میں ایک سوال پر کہی گئی ہے۔

جوبائیڈن انتظامیہ نے پہلی بار روس کے لیے ایرانی ڈرون طیاروں کی فراہمی اور روسیوں کو تربیت دینے کے معاملے پر پچھلے ماہ بات کی تھی کہ امریکہ کو ایسی اطلاعات مل رہی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بھی کہا گیا تھا کہ ان ایرانی ڈرون طیاروں کو روس یوکرین کے خلاف استعمال کرے گا ۔امریکی دفتر خارجہ کے ایک ذمہ دارعرب ٹی وی کوبتایا کہ گذشتہ کئی ہفتوں کے دوران روسی حکام نے ڈرون طیاروں کے حصول کے معاہدے کے حصے کے طور پر ایرانی ماہرین سے تربیت حاصل کی ہے۔

دفتر خارجہ کے نائب ترجمان وینڈت پٹیل نے اس بارے میں بتا یا کہ امریکہ نے ان تمام امور کا جائزہ لیا ہے کہ ایران کی طرف سے روس کو حملہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے ڈرون طیارے موصول ہوئے ہیں ۔ امریکہ کو ایران کے ان ڈرونز کے بارے میں غیر معمولی طور پر تشویش ہے۔