ڈونلڈٹرمپ سے ضبط کی گئی فائلیں جاسوسی ایکٹ انکوائری کا حصہ ہیں، ایف بی آئی

ہفتہ 13 اگست 2022 14:48

ڈونلڈٹرمپ سے ضبط کی گئی فائلیں جاسوسی ایکٹ انکوائری کا حصہ ہیں، ایف ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2022ء) امریکا کے تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریاست فلوریڈا کے پام بیچ میں واقع رہائش گاہ مار۔اے۔لاگو سے انتہائی خفیہ اور بہت حساس نوعیت کی دستاویزات برآمد کی ہیں، جو اس کے مطابق جاسوسی ایکٹ انکوائری کا حصہ ہیں۔فرانسیسی خبررساں ادارے نے امریکی عدالتی دستاویزات کے حوالے سے بتایا کہ ایف بی آئی نے رواں ہفتے ٹرمپ کی رہائش گاہ کی تلاشی لے کر وہاں سے خفیہ معلومات کے 11 کارٹن قبضے میں لیے جن میں سے چند دستاویزات نہ صرف ’انتہائی خفیہ‘ بلکہ ان میں سے کچھ انٹیلی جنس سے متعلق انتہائی حساس بھی ہیں۔

دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ وفاقی ایجنٹس نے ممکنہ طور پر دوسرا صدارتی ریکارڈ بھی حاصل کیا گیا جس میں ٹرمپ کے حلیف روجر سٹون کو دی گئی معافی اور وہ دستاویزات شامل ہیں جن پر چمڑے کی جِلد چڑھائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ فرانس کے صدر کے بارے میں معلومات، تصاویر، دستی تحریر اورملی جلی خفیہ دستاویزات بھی شامل ہیں، جنہیں تلاشی کے دوران تحویل میں لے گیا۔

گزشتہ روز امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ نے ان تحقیقات سے قریبی طور پر واقف گمنام ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ چھاپے کے دوران ایف بی آئی کے ایجنٹوں کی طرف سے مانگے گئے کاغذات میں جوہری ہتھیاروں سے متعلق خفیہ دستاویزات بھی شامل تھیں۔واضح رہے کہ واشنگٹن پوسٹ نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا ملوث جوہری ہتھیاروں کا تعلق امریکا سے ہے یا کسی اور ملک سےنیز یہ بھی واضح نہیں ہے کہ آیا اس طرح کی دستاویزات سابق صدر کے پام بیچ میں واقع ریزورٹ سے برآمد ہوئی یا نہیں۔