لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ہائوسنگ سکیم ریفرنسز کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی

ہفتہ 13 اگست 2022 16:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2022ء) لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ہائوسنگ سکیم ریفرنسز کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت نمبر پانچ کے جج محمد ساجد علی اعوان نے مقدمات کی سماعت کی۔ عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس کیس میں حمزہ شہباز کی ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی ۔عدالت اس کیس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کو پہلے ہی حاضری سے مستقل استثنیٰ دے چکی ہے ۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت نے وزیراعظم شہبازشریف، فواد حسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر 13 ملزمان کیخلاف آشیانہ ہائوسنگ سکیم ریفرنس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی ۔عدالت میں حاضری معافی کی درخواست میں عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سرکاری مصروفیات کے باعث اسلام آباد میں ہیں اور عدالت پیش نہیں ہوسکتے ،عدالت نے درخواست منظور کرلی ۔ہفتہ کے روز شریک ملزم سابق ڈی جی ایل ڈی احد چیمہ اور دیگر ملزمان نے پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔ عدالت نے اس کیس میں سابق بیوروکریٹ فواد حسن فواد کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھا ہے ۔