1954ء کے بعد پہلی بار قومی ترانے کی نئی ریکارڈنگ کا ٹیزر سامنے آگیا

پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر قومی ترانے کی دوبارہ کی گئی ریکارڈنگ کو وزیراعظم شہباز شریف 14 اگست کو ریلیز کریں گے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 اگست 2022 15:20

1954ء کے بعد پہلی بار قومی ترانے کی نئی ریکارڈنگ کا ٹیزر سامنے آگیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 اگست 2022ء ) پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر دہائیوں بعد پہلی بار دوبارہ ریکارڈ کیے گئے قومی ترانے کا ٹیزر سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے پاکستان کے 75 ویں جشن آزادی کے موقع پر قومی ترانے کی نئی ریکارڈنگ کا ٹیزر شیئر کیا، جس میں ملک کے معروف گلوکاروں کو دھنوں پر قومی ترانہ پڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔


اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 1954ء سے اصل قومی ترانے کی ریلیز کے بعد پہلی مرتبہ قومی ترانے کو ری ریکارڈ کیا گیا ہے، پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر قومی ترانے کی دوبارہ کی گئی ریکارڈنگ کو وزیراعظم شہباز شریف 14 اگست کو باضابطہ طور پر ریلیز کریں گے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف یوریی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی جشن آزادی پر پاکستان سے اظہار محبت کی ویڈیو وائرل ہوگئی، پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے وطن عزیز کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر شہنائی سے قومی ترانہ بجاکر پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔


ایک منٹ 31 سیکنڈ دورانیے کی اس منفرد ویڈیو میں پاکستان کے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ قومی اہمیت کے حامل مختلف مقامات کی بھی انتہائی خوبصورتی سے عکس بندی کی گئی ہے، ڈاکٹر رینا کی جانب سے قومی ترانے کی دھن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور اس نے پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔ خیال رہے کہ پاکستان کا 75واں یوم آزادی اتوار 14 اگست کو قومی جذبے اور ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا، اس دن کی مناسبت سے گلی محلوں اوربازاروں کو خوبصورت جھنڈیوں اور پرچموں سے سجا دیا گیا، اہم سرکاری و نجی عمارگوں پر قومی پرچم لہرانے کے ساتھ چراغاں بھی کیا گیا ہے ، ملک بھر میں چھوٹے بڑے بازاروں میں ہر طرف قومی پرچموں کی بہار ہے اور بیجز ، جھنڈیوں اور قومی پرچم کی طرز پر لباس کے سٹالز پر خریداری عروج پر ہے۔