زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمدخاں نے کہا ہے کہ ملکی زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے میکنائزیشن سب سے اہم ہے جس کیلئے زرعی انجینئرز اور متعلقہ اداروں کو مل جل کر مربوط کوششیں بروئے کار لانا ہونگی

ہفتہ 13 اگست 2022 15:48

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمدخاں نے کہا ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست2022ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمدخاں نے کہا ہے کہ ملکی زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے میکنائزیشن سب سے اہم ہے جس کیلئے زرعی انجینئرز اور متعلقہ اداروں کو مل جل کر مربوط کوششیں بروئے کار لانا ہونگی۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف فارمز کے زیر اہتمام آٹھ ناکارہ ٹریکٹروں کو مقامی وسائل اور افرادی قوت کے ذریعے کارآمد بنانے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم چھوٹے کاشتکاروں کیلئے اس کی استطاعت کے مطابق سستے زرعی آلات تیار کریں تاکہ وہ مشینی کاشت کو اپناتے ہوئے بعداز برداشت نقصانات سے محفوظ رہتے ہوئے اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ آٹھ ناکارہ ٹریکٹروں کی اوور ہالنگ ایک ایسا کارنامہ ہے جس سے ناصرف یونیورسٹی کے وسائل کی بچت ہو سکے گی بلکہ ڈائریکٹوریٹ آف فارمز کے کھیتوں کھلیانوں کو جدید مشینی کاشت کے معیارات سے ہم آہنگ بھی کیا جا سکے گا۔

ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر ہارون زمان نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں زیر کاشت رقبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تمام ممکنہ کاوشیں عمل میں لائی جا رہی ہیں جس سے جدید طرز کاشت کو رواج دے کر غذائی خود کفالت کے حصول کیلئے کاشتکاروں کو بھی تربیت دینے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر وائس چانسلر نے ڈائریکٹوریٹ آف فارمز پر پودا بھی لگایا۔ٹریژر عمر سعید قادری، ڈاکٹر رائے آصف، ڈاکٹر اعجاز بھٹی، ڈاکٹر ندیم سندھو، ڈاکٹر سرفراز حسن، رانا خالد، ڈاکٹر عبدالخالق،  ڈاکٹر اسدو دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :