فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی کاچیئرمین واپڈا تعینات ہونے کا خیر مقدم

ہفتہ 13 اگست 2022 16:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2022ء) فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی کو چیئرمین واپڈا تعینات کرنے کا خیر مقدم اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ ملک کی زرعی ضروریات کیلئے وافر مقدار میں پانی اور صنعتی ضروریات کیلئے سستی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے پر خصوصی توجہ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تھرمل بجلی کیلئے درآمدی پٹرول یا ایل این جی وغیرہ پر انحصار کرنا پڑتا ہے جس پر بڑی مقدار میں زرمبادلہ خرچ کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے نجات کیلئے ہمیں زیادہ سے زیادہ سستی پن بجلی پیدا کرنا ہو گی اور اس سلسلہ میں نئے چیئرمین واپڈا پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ دیامر بھاشا ڈیم سمیت دیگر چھوٹے ڈیموں کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ بجلی کی مجموعی پیداوار میں سستی بجلی کے حصہ کو بڑھا کے بجلی کی مجموعی قیمت کو کم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے چنیوٹ ڈیم کی تعمیر کی تجویز کا بھی ذکر کیا جس سے بجلی کے ساتھ ساتھ اس علاقے کی بڑھتی ہوئی زرعی پانی کے علاوہ پینے کے پانی کی ضروریات کو بھی پورا کیا جا سکے گا۔ عاطف منیر شیخ نے کہا کہ دنیا میں بجلی پیدا کرنے کے متبادل ذرائع پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ فضا میں کاربن کی مقدار کو بھی کم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سولر کے ساتھ ساتھ پورا سال چلنے والی بڑی نہروں پر بھی چھوٹی چھوٹی ٹربائنیں لگانے کا تجربہ کرنا چاہیے جنہیں بعد میں مقامی لوگوں کو فروخت کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ یہ صوبائی معاملہ ہے لیکن واپڈا کو اس سلسلہ میں بھی اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ بجلی کی بڑھتی ہوئی ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے نجی شعبہ کو بھی آگے لایا جا سکے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سجاد غنی کو فیصل آباد چیمبر آف کامر س اینڈانڈسٹری کے دورے کی بھی دعوت دی ہے۔