جشن آزادی کا تحفہ‘ قومی ایئرلائن نے کرایوں میں کمی کردی

یوم آزادی پر اندرون ملک سفر پر 14 فیصد خصوصی ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 اگست 2022 16:47

جشن آزادی کا تحفہ‘ قومی ایئرلائن نے کرایوں میں کمی کردی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 اگست 2022ء ) پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے ملک کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر کرایوں میں کمی کردی۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر اندرون ملک سفر کے لیے کرایوں میں 14 فیصد کمی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت جشن آزادی کے دن اندرون ملک سفر کے ٹکٹ پر مسافروں کو 14 فیصد خصوصی ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا، جس کے بارے میں ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ ڈسکاؤنٹ آزادی کے جشن میں پی آئی اے کی طرف سے ہم وطنوں کے لیے تحفہ ہے۔

علاوہ ازیں قومی ایئرلائن نے مسافروں کو دوران سفر انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیاہے، یہ فیصلہ وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے، اس سلسلے میں قومی ائیرلائن انتظامیہ نے طیاروں میں انٹرنیٹ ڈیواسز کی تنصیب کا کام شروع کردیا ہے، پی آئی اے حکام نے ان فلائیٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم کی تنصیب کے لیے خواہش مند فرموں سے سفارشات بھی طلب کر لی ہیں، پی آئی اے کے 14 ای320 اور 10 بوئنگ 777 طیاروں میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف امریکہ نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پاکستان سے براہ راست پروازوں کی بحالی کے لیے یقین دہانی کرادی، واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی سلمان صوفی نے بتایا کہ امریکہ نے پاکستان سے براہ راست پروازوں پر رضا مندی ظاہر کی ہے، براہ راست پروازوں کے سلسلے میں امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کا نمائندہ ایئر پورٹس اور طیاروں کی جانچ کے لیے جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، پی آئی اے کی براہ راست پروازیں تجارتی امور میں بھی کارآمد ثابت ہوں گی جب کہ کراچی پورٹ میں امریکی ادارہ برائے تجارت کی جانب سے نمائندے کی تعیناتی بھی کی جائے گی۔