تھائی لینڈ میں بھارتی باکسر کو عبرتناک شکست دینے والے پاکستانی شہیر آفریدی کا وطن واپس پر پرتپاک استقبال

ہفتہ 13 اگست 2022 19:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2022ء) تھائی لینڈ میں بھارتی باکسر کو عبرتناک شکست دینے والے پاکستانی شہیر آفریدی کا وطن واپس پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔سندھ پولیس کی ریپڈ رسپانس فورس کے باکسر شہیر آفریدی کا کراچی ائیرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی اور پولیس افسران نے شہیر آفریدی کا استقبال کیا۔

اس موقع پر ایس ایس پی سید علی رضا، ثاقب ابراہیم، عرفان بہادر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔بنکاک میں مڈل ویٹ کٹیگری میں باکسر شہیر آفریدی نے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا، بھارتی باکسر اسرار عثمانی نے پاکستانی باکسر شہیر آفریدی کو کھلا چیلنج کیا تھا جس کے بعد پاکستانی شہیر آفریدی نے بھارتی سورما اسرار عثمانی کو عبرت ناک شکست سے دوچار کیا،شہیر آفریدی نے 3 ماہ قبل بھی مڈل ویٹ ایشین باکسنگ چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔

(جاری ہے)

سندھ پولیس کی ریپڈ رسپانس فورس کے جوان باکسر شہیر آفریدی پرواز ٹی جی 341 سے بنکاک سے کراچی پہنچے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔سندھ پولیس کی ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکاروں کی بڑی تعداد استقبال کیلئے ائیرپورٹ پہنچی، دوست احباب، عزیز و اقارب اور شائقین کی بڑی تعداد استقبال کیلئے ائیرپورٹ پر موجود تھی۔