یورپی یونین کی ریاستوں سے روس کے شہریوں کے ویزوں پر پابندی عائد کی جائے ، ولادیمیرزیلنسکی کی اپیل

ہفتہ 13 اگست 2022 21:09

یورپی یونین کی ریاستوں سے روس کے شہریوں کے ویزوں پر پابندی عائد کی جائے ..
کیف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2022ء) یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے یورپی یونین کی ریاستوں سے روس کے شہریوں کے ویزوں پر پابندی عائد کرنے کی اپیل کر دی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ولادیمیر زیلنسکی نے اپنے بیان میں کہا کہ میری تجو یز ان روسی شہریوں پر لاگو نہیں ہوتی جو ولادیمیر پیوٹن کی پالیسیوں کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کی ضمانت ہونی چاہیے کہ روسی قاتل یا ریاستی دہشت گردی میں ملوث افراد یورپی یونین کی ریاستوں کا ویزا استعمال نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یورپ کے تصور اور ہماری مشترکہ یورپی اقدار کو تباہ نہیں کرنا چاہیے، اس لیے یورپ کو ایک سپر مارکیٹ میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔ واضح ر ہے کہ یورپی یونین میں تمام روسی شہریوں پر ویزا لے کر داخلے کی پابندی عائد کرنے کی تجویز زور پکڑتی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے چیک ریپبلک کے وزیر خارجہ جان لیپا وسکی نے کہا کہ وہ یورپی یونین کی جانب سے اس تجویز کی حمایت کے لیے مختلف لیڈرز سے بات کر رہے ہیں تاکہ یورپ کی جانب سے ایک مشترکہ نقطہ نظر اپنایا جا سکے۔دوسری جانب جرمنی کے چانسلر اولف شولز نے تمام روسیوں کے لیے ویزا کی پابندی کے مو ثر ہونے پر سوال اٹھایا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم پابندیوں کے ہر مرحلے میں روسی صدر پیوٹن کے قریبی سیاسی اور غیر سیاسی ساتھیوں پر بھی پابندیاں عائد کر رہے ہیں۔