ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے پر عارضی قیام وطعام تیار کرلیا گیا

250 کلومیٹر سے زائد موٹروے پر مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، اب عوام کو قیام وطعام کی تمام سہولیات اب میسر ہوں گی۔ ترجمان این ایچ اے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 13 اگست 2022 18:34

ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے پر عارضی قیام وطعام تیار کرلیا گیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست 2022ء) ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے پر عارضی قیام وطعام تیار کرلیا گیا، 250 کلومیٹر سے زائد موٹروے پر مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، اب عوام کو قیام وطعام کی تمام سہولیات اب میسر ہوں گی۔ ہم نیوز کے مطابق ترجمان این ایچ اے کا کہنا ہے کہ ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے پر عارضی قیام وطعام تیار کرلیا گیا، ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے پر نماز کیلئے عارضی جگہ، پیٹرول پمپ اور ٹک شاپ تیار کی گئی ہے۔

دو سو پچاس کلومیٹر سے زائد موٹروے پر مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ چئیرمین این ایچ اے نے وفاقی وزیرمولانا اسعد محمودکی ہدایت پر فوری عملدرآمد کروایا ہے،اب عوام کو ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے پر تمام سہولیات میسر ہوں گی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل 23جون کو وزیراعظم شہبازشریف نے مری ایکسپریس وے کی ٹوٹ پھوٹ پر اظہار برہمی کیا تھا، انہوں نے ہدایت کی تھی کہ ایکسپریس وے پرتجاوزات ختم کرکے پکنک پوائنٹ بنائے جائیں۔

وزیراعظم شہبازشریف کو مری میں این ایچ اے حکام نے مری ایکسپریس وے کی تعمیر اور سڑکوں کی خستہ حالی اور مرمت سے متعلق بریفنگ دی تھی، وزیراعظم نے لینڈسلائیڈنگ سے متعلق سوالات بھی کیے۔ شہبازشریف نے کہا کہ قوم کا پیسا ضائع نہ کیا جائے، اگر پھر پہلے جیسی سڑک بنا دی گئی تو پھر قوم کا پیسا ڈوب جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے تین سالوں میں سڑکوں کی تباہی ہوئی، ہماری حکومت آتی ہے پھر ہمیں کام کرانے پڑتے ہیں، سنا ہے جھیکا گلی سے اوپر کی روڈ بہت خراب ہوگئی ہے، سڑکوں کے کنارے تجاوزات کی بھرمار ہوگئی ہے کسی کو پروا نہیں ہے یہ تھا نیا پاکستان؟ انہوں نے کہا کہ ایکسپریس وے پرتجاوزات ختم کرکے پکنک پوائنٹ بنائے جائیں، ایکسپریس وے پر ہر 15 کلومیٹر پر پکنک پوائنٹ بنائے جائیں، تاکہ تجاوزات کا خاتمہ ہوسکے۔