لاہور،(ن) لیگی رہنما عطا تارڑ اور رانا مشہود کے گھرپر پولیس چھاپہ

ّکسی کو حراست میں نہ لیا جا سکا، عطا تارڑ کو تفتیش کے لئے حاضری کا نوٹس بھجوا دیا گیا

ہفتہ 13 اگست 2022 22:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2022ء) (ن) لیگی رہنما عطا تارڑ اور رانا مشہود کے گھرپر پولیس کا چھاپہ، کسی کو حراست میں نہ لیا جا سکا، عطا تارڑ کو تفتیش کے لئے حاضری کا نوٹس بھجوا دیا، تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے 25مئی کے تناظر میںوزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ اور مرکزی رہنما رانا مشہود احمد خان کی رہائشگاہوںپر چھاپے مارے تاہم ا ن کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ۔

بتایا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے عطا اللہ تارڑ کی تھانے میں طلبی کا نوٹس بھی بھجوایا گیا ہے ۔پولیس کی جانب سے گھر پر مارے گئے چھاپے پر لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہاشم ڈوگر صاحب میرا خیال تھا آپ وزیر داخلہ ہیں،آپ تو انتہائی غیر سنجیدہ کردار نکلے۔

(جاری ہے)

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جس گھر میں 15سال پہلے رہتا تھا وہاں پولیس بھیج کر کسی راہگیر کو ہراساں کر کے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں، یہ حال ہے آپ کا، خاک وزارت چلانی ہے آپ نے، ملک دشمن بیانیے کے دفاع میں اتنا آگے نہ جائیں۔

پولیس کی جانب سے رانا مشہود کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا تاہم رانا مشہود اپنی فیملی کے ہمراہ اسلام آباد میں موجود تھے۔ رانا مشہود کے مطابق پولیس نے رات گئے میرے گھر پر چھاپہ مارا،میں اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، پنجاب حکومت کی ایماء پر پولیس اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔