سرفراز احمد کی سوانح حیات چوتھی جماعت کے نصاب میں شامل

ہفتہ 13 اگست 2022 23:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2022ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، مایہ ناز کھلاڑی سرفراز احمد کی سوانح حیات کو چوتھی جماعت کے نصاب میں شامل کر لیا گیا ہے۔سرفراز احمد کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر چوتھی جماعت کی اردو کی کتاب سے تصویریں شیئر کی گئی ہیں۔اِن تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مکمل مضمون سرفراز احمد کے نام سے نصاب میں شامل کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پوسٹ پر سرفراز احمد کا لکھنا ہے کہ شکریہ،یہ میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے، بطور رول ماڈل ہم بچوں کو سکھانے کی کوشش کرتے ہیں، میں ان کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ہمیشہ حاضر رہوں گا۔دوسری جانب سندھ حکومت کے اس اقدام پر سرفراز احمد نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کے مہینے میں سندھ حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے مجھے نصاب میں شامل کیا۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ یہ میرے اور میری فیملی کے لیے بہت اعزاز کی بات ہے، بچوں کو پیغام ہے کہ محنت کریں اور دنیا میں سبز ہلالی پرچم بلند کریں۔ دریں اثناء قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے سرفراز احمد کو چوتھی جماعت کے نصاب میں شامل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں حسن علی نے کہا ہے کہ کپتان آپ واقعی ہمارے لیے مثالی شخصیت ہیں۔حسن علی نے مزید کہا کہ میر ے کپتان مجھے آپ پر فخر ہے۔واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو چوتھی جماعت کے نصاب میں شامل کیا گیا ہے۔