قوم آج اس عزم کا اعادہ کرے وطن عزیز کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے،شرجیل میمن

ہفتہ 13 اگست 2022 23:29

قوم آج  اس عزم کا اعادہ کرے  وطن عزیز کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2022ء) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے قوم کو پاکستان کے قیام کی ڈائمنڈ جوبلی (75 ویں سالگرہ) کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم آج کے دن اس عزم کا اعادہ کرے کہ وطن عزیز کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ صوبائی وزیر نے بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔

ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے جدید علوم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنے کے لیے اپنی توانائیاں صرف کریں۔ جشن آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسران اور نوجوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے اپنے خون سے وطن کی حفاظت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی کی جاگیر نہیں ہے یہ 22 کروڑ عوام کا ملک ہے ، ملک کسی کی خواہشات پر نہیں چل سکتا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارے بڑوں نے عظیم جدوجہد کے نتیجے میں آزاد وطن حاصل کیا اور ہم خوش نصیب ہیں کہ آزاد فضاو ٴں میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد محمد علی جناح کے ویڑن کے مطابق وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ اب یہ ہم سب پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ مساوات ، برابری اور برداشت کی روایات کو مظبوط کریں تاکہ قائد اعظم محمد علی جناح کا خواب حقیقی روپ دھار سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں جمہوری روایات کے فروغ کے لیے بھرپور جدو جہد کی ہے اور اعلیٰ قیادت سمیت ہزاروں کارکنان نے اپنی جان کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو تمام خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔