پاکستان ہماری شناخت ہے اور اس کی بقا ہماری بقا ہے ،گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمنٰ

ہفتہ 13 اگست 2022 23:29

پاکستان ہماری شناخت ہے اور اس کی بقا ہماری بقا ہے ،گورنر پنجاب محمد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2022ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی قوم کو 75واں جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ زندہ اور بیدار قومیں اپنی آزادی، قومی تشخص اور وقار کے لئے اجتماعی سوچ ،باہمی فکر و نظر سے ھمکنار ھوتی ھیں۔ ہمیں وطن عزیز کی بقا اور سلامتی کے لئے ذاتیات کے خول سے باہر نکلناہے،انا کی سیاست اور ذاتی مفادات کو ترک کرنا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان عطیہ خداوندی ہے اور ہمارے آباو اجداد کی بے پناہ قربانیوں اور جدوجہد سے قائم ہوا ہے۔ہمیں رب العزت کے اس انعام اور نعمت کی قدر،رکھوالی اور پاسبانی کرنی ہے۔یہ اسی صورت ممکن ہے اگرہم اپنی سیاسی وابستگیوں اور انفرادی سوچوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اجتماعی سوچ اپنائیں۔14 اگست کا دن ہم سب سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے افکار پر عمل کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔پاکستان ہماری شناخت ہے اور اس کی بقا ہماری بقا ہے۔