Live Updates

انتخابی اصلاحات پر قانون سازی کیلئے مل بیٹھنے کو تیار ہیں

سیاست میں دروازے کبھی بند نہیں ہوتے، ہمارا آج بھی وہی مطالبہ ہے فی الفور الیکشن کا اعلان کیا جائے۔ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 13 اگست 2022 21:33

انتخابی اصلاحات پر قانون سازی کیلئے مل بیٹھنے کو تیار ہیں
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست 2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات پر قانون سازی کیلئے مل بیٹھنے کو تیار ہیں، سیاست میں دروازے کبھی بند نہیں ہوتے،ہمارا آج بھی وہی مطالبہ ہے فی الفور الیکشن کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو غیریقینی سیاسی صورتحال سے نکالنے کیلئے نئے انتخابات   کی ضرورت ہے، نئے انتخابات کیلئے مل بیٹھنے کو تیار ہیں، انتخابی اصلاحات پر قانون سازی پر مل بیٹھنے کو تیار ہیں، سیاست میں دروازے کبھی بند نہیں ہوتے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک قومی ایجنڈے کے تحت ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے تیار ہیں۔ ہمارا آج بھی وہی مطالبہ ہے فی الفور الیکشن کا اعلان کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 11ستمبر کو ہونے والا ملتان کا ضمنی انتخاب 2 افراد کا نہیں دو نظریوں کا ہے، عوام 11 ستمبر کے انتخاب میں  بھی چوروں کے ٹولے کو مسترد کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 25 مئی کو پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات خارج کرنے کا حکم دیا گیا ہے، 25 مئی کو جہاں اختیارات سے تجاوز ہوا وہاں کاروائی کی جائے گی، آئی جی پنجاب کو کہا کہ انصاف قانون کے مطابق کاروائی ہونی چاہیے، ہم کوئی غیرقانونی کام نہیں کریں گے، حمزہ شہباز 25 ارب کے کیس میں مطلوب ہیں اور وہ فرار ہوگئے ۔

تحریک انصاف نے شہبازگل کا کیس لڑا ہے۔اس سے قبل فواد چودھری کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ 25 مئی کے ملزمان کیخلاف 15 روز میں رپورٹ پیش ہو گی، انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ بنی گالہ پر چھاپے ماریں گے تو جاتی امرا اور مسلم لیگ ن کی قیادت کے گھر بھی دور نہیں۔ ہم اسٹریٹ موومنٹ شروع کریں تو یہ حکومت 5 دن نہیں چل سکتی،ہم سے دو حکومتوں کو ختم کرنے کا کہا گیا تو ہم سندھ حکومت کے خاتمے کی بات کریں گے۔

انکا کہنا تھا کہ شہباز شریف الیکشن کا اعلان کریں تو فریم ورک پر بات کر سکتے ہیں،صوبائی حکومتیں ختم کرنے کی باتیں الیکشن فریم ورک ہیں،پہلے الیکشن کا اعلان کریں۔ شہباز گل نے کل مجسٹریٹ کے سامنے بیان ریکارڈ کرایا کہ وہ گفتگو انہوں نے خود کی،حالانکہ شہباز گل پر بہت دباو ڈالا گیا کہ وہ کہیں یہ عمران خان نے کہا تھا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ میٹنگ ہوئی اور نہ کوئی بیان ہوا،رانا ثنا اللہ کو قصے کہانیاں بنانے کا شوق ہے،آج عمران خان لاہور جلسے میں بڑے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کو شکست دی گئی،شہباز گل کو غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ عوام کو آج بھی اپنی طاقت کا اندازہ نہیں ہے،جب لوگ باہر نکلتے ہیں تو سیاسی زلزلہ بہت دور تک جاتا ہے۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے مظالم کی انتہا کر دی ہے،عوامی مینڈیٹ چوری کیا گیا۔ ظلم جب حد سے بڑھ جائے تو مٹ جاتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات