یوکرین کی بندرگاہ سے دو جہاز12 ٹن اجناس لے کر ترکی روانہ

اتوار 14 اگست 2022 11:10

کیف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2022ء) یوکرین کی بحیرہ اسود کی بندرگاہوں سے دو مزید بحری جہاز زرعی اجناس کی بڑی کھیپ لے کر ترکی روانہ ہوگئے ہیں۔ رائٹرز نے ترک وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا کہ اقوام متحدہ کی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے کے تحت یوکرین سے روانہ ہونے والے جہازوں کی کل تعداد 16 ہو گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارباڈوس کے جھنڈے والا فلمار ایس بحری جہاز یوکرین کی چورنومورسک بندرگاہ سے 12 ہزار ٹن مکئی لے کر ترکی کے جنوبی صوبے سکندرون کی بندرگاہ کی جانب روانہ ہوا ہے۔

مارشل آئی لینڈ کے جھنڈے والا دوسرا بحری جہاز 3 ہزار ٹن سورج مکھی کے بیج لے کر یوکرین کی تھو اسی بندرگاہ سے ترکی کے ساحلی شہر ٹیکردگ کی طرف روانہ ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

کہا گیا ہے کہ اناج کی خریداری کے لیے ایک اور جہاز ترکی سے یوکرین کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگست کے مہینے میں ساڑھے چار لاکھ ٹن اجناس لے کر اب تک 16 بحری جہاز یوکرین کی بندرگاہ سے روانہ ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ جولائی میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی یوکرین ، ترکی اور روس نے ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے جس کے تحت روس یوکرین جنگ کے باعث پانچ ماہ تک تعطل کا شکار بحیرہ اسود میں یوکرین کی بندرگاہوں سے اناج کی برآمدات دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔