Live Updates

پنجاب پولیس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ‘ 55 ایس پیز اور ڈی ایس پیز کا تبادلہ

تبدیل کیے جانے والوں میں لاہور پولیس کے متعدد ایس پیز اور ڈی ایس پیز بھی شامل‘ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 14 اگست 2022 11:52

پنجاب پولیس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ‘ 55 ایس پیز اور ڈی ایس پیز ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 اگست 2022ء ) پنجاب پولیس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ سامنے آئی ہے جہاں 55 ایس پیز اور ڈی ایس پیز کا تبادلہ کردیا گیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق تبدیل کیے گئے ایس پیز اور ڈی ایس پیز میں لاہور پولیس کے متعدد ایس پیز اور ڈی ایس پیز بھی شامل ہیں، جن کے تبادلے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس سے معلوم ہوا ہے کہ عمران کرامت بخاری ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ تعینات، سرفراز ورک ایس پی آپریشنز سٹی اور عثمان ٹیپو کو ایس پی انویسٹی گیشن سٹی تعینات کیا گیا ہے بتایا گیا ہے کہ عیسیٰ سکھیرا ایس پی آپریشنز صدر، حسن جاوید ایس پی آپریشنز ماڈل ٹاؤن، حمزہ امان اللہ ایس پی آپریشنز کینٹ، رضا تنویر ایس پی انویسٹی گیشن صدر، اور آفتاب پھلروان ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن تعینات کر دیے گئے جب کہ ایس پی رضوان طارق، ایس پی محمد عمران، ایس پی وقار عظیم اور ایس پی اخلاق اللہ کو سی پی او رپورٹ کا حکم دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ خالد سعید ڈی ایس پی انویسٹی گیشن برانچ پنجاب، حسن عزیز ڈی ایس پی برکی سرکل تعینات کردیا گیا جب کہ ڈی ایس پی طارق ظفر، عاطف معراج کو سی پی او رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، ڈی ایس پی محمد اسلم، ظفر اقبال اور ڈی ایس پی ڈیفنس سرکل غلام دستگیر کو سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ دوسری طرف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ پنجاب حکومت 25 مئی واقعے میں ملوث ذمہ دران کو کیفرکردار تک پہنچائے گی، جنہوں نے ہمارے خلاف انتقامی کاروائیاں کیں ان کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، ہمارے کارکنان کے حوصلے بلند ہیں، پوری قوم حقیقت دیکھ رہی ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کرے،وزراء عوامی مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کریں۔

ادھر پنجاب حکومت نے 25 مئی کے واقعات پر جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا، سابق وزیر اطلاعات و نشریا ت اور رہنما پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کس مائی کے لعل میں ہمت ہے کہ عمران خان کو نااہل کرے،25 مئی کے واقعات پر ایف آئی آر کی درجنوں درخواستیں آرہی ہیں جن میں رانا ثنا اللہ، عطا تارڑ، احمد ملک اور حمزہ شہباز نامزد ہیں، ماڈل ٹاؤن کیس بھی تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا لہذا ایک جے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی جو ان تمام لوگوں کو طلب کرے گی، جس طرح ہم سے ایف آئی کے ساتھ تعاون کی امید کی جارہی ہے اسی طرح ہمیں امید ہے کہ یہ لوگ بھی جے آئی ٹی کے ساتھ ان تحقیقات میں تعاون کریں گے اور اسلام آباد میں نہیں چھپیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات