یوم آزادی، ٹریفک پولیس کا موٹروے ٹول پلازے پر سٹال کا اہتمام

اتوار 14 اگست 2022 16:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2022ء) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام یوم آزادی کی مناسبت سے موٹروے ٹول پلازہ کے مقام پر خصوصی سٹال لگایا گیا۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے سٹال کا دورہ کیا۔ ٹریفک پولیس افسران کی جانب سے شہریوں میں جھنڈے، بیجز، گلہ بند اور بچوں میں عینک اور ٹریفک قوانین پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔

چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے یوم آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بر صغیر کے مسلمانوں نے لاکھوں جانوں کی قربانیوں کے بعد پاکستان کی منزل حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے جس کی ہمیں قدر کرنی چاہئے کیونکہ آزادی سے محروم قومیں اپنا تشخص کھو بیٹھتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے افواج پاکستان، محکمہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور قربانیوں کی بدولت ملک میں امن و امان کی فضاءقائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن کی مناسبت سے ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ملک و قوم کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا اور پولیس ملک و قوم کی سلامتی کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے اس موقع پر شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہری ٹریفک نظام کی بہتری کی خاطر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرکے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں، سی ٹی او عباس مجید خان مروت نے شہریوں سے جشن آزادی کے دوران ون ویلنگ اور بغیر سائلنسر موٹر سائیکل چلانے سے اجتناب کی بھی اپیل کی۔