چانڈکا میڈیکل کالج میں ڈائمنڈ جوبلی جشن کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد

اتوار 14 اگست 2022 18:10

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2022ء) شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے چانڈکا میڈیکل کالج میں پاکستان کی آزادی کی 75 سالہ ڈائمنڈ جوبلی جشن کے سلسلے میں تقریب منعقد کی گئی جس میں وائس چانسلر پروفيسر ڈاکٹر انیلا عطا الرحمان، رجسٹرار پروفیسر سعید احمد شیخ، پرنسپل چانڈکا میڈیکل کالج پروفیسر ضمیر احمد سومرو، ڈین پروفیسر گلزار احمد شیخ، طلبہ، اساتذہ اور تمام عملے نے شرکت کی جس میں پرچم کشائی کرکے تقریب کا افتتاح کیا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر انیلا عطا الرحمان نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا راز بہتر صحت اور تعلیم ہوتا ہے اور میڈیکل یونیورسٹی کی حیثیت سے ہم پر یہ دونوں ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم آزادی کی قدر تب کرسکتے ہیں جب جیئو اور جینے دو کے فلسفے کو سمجھ سکیں، انہوں نے کہا کہ آزادی سب سے بڑی نعمت ہے اور اس کے بعد بڑی نعمت صحت ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے یونیورسٹی کو یونیورسٹی بنایا اور اپنی ٹیم کی کاوشوں کو سرہاتی ہوں، اعزازی مہمان کمشنر لاڑکانہ گھنور علی خان لغاری نے کہا کہ ہم سب سے پہلے یہ سمجھنا پڑے گا کہ پاکستان بنانے کے پیچھے کیا فلسفہ تھا اور کس نظریے کے تحت یہ ملک وجود میں آیا ۔

(جاری ہے)

پرنسپل چانڈکا میڈیکل کالج پروفیسر ضمیر احمد سومرو نے کہا کہ یہ ملک ہمارے بڑوں کی قربانی کے بعد ملا اور یہ زندہ قوم ہونے کا ثبوت ہے کہ ہماری نئی نسل اس دن کو عید کی طرح منا رہی ہے، تقریب کے اختتام پر آرگنائیزر پروفیسر شائستہ حفاظ ابڑو نے آئے ہوئے مہمانوں اور اپنی آرگنائیزنگ ٹیم کا شکریہ ادا کیا، تقریب میں پروفیسر اکبر علی سومرو، ڈاکٹر سعید شیخ، انجنیئر روشن علی شیخ، پروفیسر صفدر علی شیخ، یونیورسٹی سے منسلک تمام اداروں کے فیکلٹی، افسران، طلبہ و طالبات اور ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی بعد ازاں وائس چانسلر، پرنسپل اور ڈین یونیورسٹی نے پودے بھی لگائے۔naj