75 ویں یو مِ آزادی کے موقع پرسیکیورٹی ڈویژن ہیڈ کوارٹرز میں شوٹنگ مقابلہ منعقد، سفارتی عملے اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی شرکت

اتوار 14 اگست 2022 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2022ء) 75 ویں ڈائمنڈ جوبلی یومِ آزادی کے موقع پرسیکیورٹی ڈویژن ہیڈ کوارٹر زمیں شوٹنگ مقابلہ منعقد کیا گیا۔اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطانق سفارتی عملے سمیت، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور ایس ایس یو کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز نے مقابلوں میں حصہ لیا اور پریسائز شوٹنگ، ریپڈ شوٹنگ اور 9mm پسٹل شوٹنگ کیٹیگریز میں اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

مقابلوں میں امریکہ، روس، برطانیہ،سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان،اور قطر کے سفارتی عملے نے حصہ لیا جبکہ قانون نافذکرنے والے اداروں میں سندھ رینجرز، کسٹمز، کراچی پورٹ ٹرسٹ(KPT)، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس(ASF)، فرنٹیئرکانسٹیبلری(FC)، ایس ایس یو(SSU)،آرآرایف(RRF) اور شہید محترمہ بینظیر بھٹوایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر (SBB,EPTC)کی ٹیموں نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

سفارتی عملے کی9mm پسٹل شوٹنگ کیٹیگری میں امریکی قونصلیٹ سے جسٹن گاروفالو, لیوک پیسکی اورمائیکل نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشنز حاصل کیں جبکہ سفارتی عملے کی ٹیم کٹیگری میں امریکی قونصلیٹ نے پہلی، روسی قونصلیٹ نے دوسری اور برطانوی قونصلیٹ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ قانون نافذکرنے والے اداروں کی پریسائز اور ریپڈ شوٹنگ کی کیٹیگری میں ایس ایس یو کے عبداللہ خان، عبدالشکور اور سندھ رینجرز کے سبحان نے بالترتیب پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشنز حاصل کیں جبکہ فیمیل کیٹیگری میں ایس ایس یو کی سدرہ حسن، سندھ رینجرز کی رافیہ اور ائیر پورٹ سیکیورٹی فورس کی سمینہ نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشنزحاصل کیں۔

جبکہ قانون نافذکرنے والے اداروں کی ٹیم کٹیگری میں ایس ایس یو نے پہلی،سندھ رینجرز نے دوسری اور شہید بینظر آباد ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمدایونٹ کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر نے والے شرکاء کو مبارکباد دی اور انعامات تقسیم کئے۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی کا کہنا تھا کہ شوٹنگ مقابلوں کے انعقاد کا مقصد اداروں اور سفارت اروں کے باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ سیکیورٹی ڈویژن نے ماضی کیطرح اس سال بھی جشنِ آزادی کے موقع پر مقابلوں کا انعقاد کر ایا جو کہ ایک خوش آئند اقدام ہے کیونکہ ان مقابلوں سے دنیا میں ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہو گا۔ آخر میں مہمان خصوصی نے مقابلے میں حصہ لینے والے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔