سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ پر ایف بی آئی کیلئے مخبری کا شک ظاہر کر دیا

اتوار 14 اگست 2022 20:45

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2022ء) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ پر ایف بی آئی کیلئے مخبری کا شک ظاہر کر دیا ہے۔برطانوی ادارے کی رپورٹ کے مطابق 45 ویں امیریکی صدر کے انتہائی قریبی کسی شخص نے ایف بی آئی کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر پر چھاپے کے دوران حکام کو خبر دی کہ مزید دستاویزات ٹرمپ کے ریزورٹ میں موجود ہیں۔

دیگر دستاویزات کے ساتھ ایف بی آئی ایجنٹس کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے دستاویزات کی تلاش ہے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ جن جوہری ہتھیاروں کی دستاویزات کو تلاش کیا جا رہا ہے وہ امریکا کے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق ہیں یا کسی اور ملک کے ہیں۔سابق امریکی صدر کے گھر پر چھاپہ مارنے کیلئے ایف بی آئی کو وفاقی جج سے اجازتنامے کی ضرورت تھی، جہاں انہیں یہ ثابت کرنا تھا کہ انہیں کیوں لگتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر سے کسی غیرقانونی اقدام کے شواہد مل سکتے ہیں،ایسے حالات میں مانا جا رہا ہے کہ ایف بی آئی کی معلومات کے ذرائع ٹرمپ کے انتہائی قریبی ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سرکاری افسر نے بتایا تھا کہ ٹرمپ کے گھر پر ہونے والی کارروائی کسی قابل اعتماد ذریعے کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی تھی۔سابق امریکی صدر کی جانب سے اپنی اہلیہ اور سابق امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ پر ایف بی آئی کیلئے مبینہ مخبری کرنے کا شک ظاہر کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :