دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں اور غیر ملکی مشنوں میں وطن عزیز کے یوم آزادی کی گولڈن جوبلی کا جشن ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

اتوار 14 اگست 2022 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2022ء) دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں اور غیر ملکی مشنوں میں اتوار کو وطن عزیز کے یوم آزادی کی گولڈن جوبلی کا جشن ملی جوش و جذبے کے ساتھ شایان شان طریقے سے منایا گیا، پرچم کشائی اور کیک کاٹنے اور استقبالیہ کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور ملک کو ایک جدید، جمہوری، فلاحی اور خوشحال ریاست بنانے کے سیاسی قیادت کے عزم کی تجدید کی گئی ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے75 ویں یوم آزادی کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

جاپان میں پاکستانی سفارت خانہ میں پاکستان کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستانی سفارتخانہ کے ناظم الامور عصمت حسن سیال نے قومی پرچم لہرایا اور پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے جاپان کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ 14 اگست 1947 کو قائداعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت میں ایک آزاد نظریاتی ریاست دنیا کے نقشے پر ابھری جو جمہوریت کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے، امن اور تمام اقوام کے ساتھ دوستی پر یقین رکھتی ہے۔ ناظم الامور نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کے بھارتی یکطرفہ اقدامات کی سختی سے مذمت کرنے کا عزم لئے پوری پاکستانی قوم متحد کھڑی ہے اور اس سال آزادی کی اہمیت اور زیادہ بڑھ گئی ہے۔

بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے پاکستان کی آزادی کی75 ویں گولڈن جوبلی کا جشن حب الوطنی کے والہانہ جوش اور جذبے کے ساتھ منایا۔ چانسری کے لان میں منعقدہ ایک پروقار پرچم کشائی کی تقریب میں پاکستانی ناظم الامور آفتاب حسن خان نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا جھنڈا بلند کیا۔ اس پرمسرت موقع پر ہائی کمیشن کے افسران اور عملہ کے اراکین نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شرکت کی۔

پرچم کشائی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے آفتاب حسن خان نے پاکستانی قوم کو اس پرمسرت موقع پر مبارکباد دی۔ ناظم الامور نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک آزادی کے دیگر عظیم رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد ریاست کے قیام کے لیے تاریخی جدوجہد کی اور کامیابی سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ملک ہے، اس کی ایک متحرک آبادی ہے جو ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، گزشتہ 75 سال اس بات کے گواہ ہیں کہ پاکستان نے سنگین چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے بھی زندگی کے تمام شعبوں میں شاندار ترقی اور کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ ماسکو میں پاکستانی سفارتخانہ میں بھی پاکستان کی 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد پرچم کشائی کی گئی اور ماسکو میں پاکستانی مشن کے نائب سربراہ ثمر جاوید اور تھرڈ سیکرٹری محمد طیب نے بالترتیب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اوروزیراعظم محمد شہباز شریف کے پیغامات پڑھ کر سنائے ۔

ماسکو کی سرکاری چائیکووسکی کنزرویٹری کے طلبا کے ایک گروپ نے پاکستانی ملی نغموں جیوے، جیوے، جیوے پاکستان، 'سوہنی دھرتی اللہ رکھے قدم قدم آباد تجھے ، اور دل دل پاکستان کی دھنوں پر پرفارمنس پیش کی۔ ماہر لسانیات جوشوا ایڈون آرتھر نے گٹار کے ساتھ پاکستانی قومی نغمے بھی پیش کئے اور شرکا نے پرفارمنس کی شاندار داد دی، جس میں روس میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، سفارت کاروں اورعملہ کے اراکین علاوہ پاکستان کے روسی دوستوں نے بھی شریک تھے۔

چین میں پاکستانی سفارت خانہ میں بھی ملک کے75 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے چین میں پاکستانی سفارتخانے میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی طلبا اور چینی شہریوں نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ دریں اثنا چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ژائو لی جیان نے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

چینی حکومت کے سرکاری ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سالگرہ مبارک ہو، انہوں نے پاکستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے بھی اپنے ایک ٹویٹ میں پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کی مبارک باد دی ، اور پاک چین دوستی زندہ باد کے کلمات تحریر کئے۔ قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان کے یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا ۔

مصر میں پاکستان کے سفیر ساجد بلال نے پرچم کشائی کی ۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اورصدر مملکت اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ قبل ازیں یوم آزادی کے موقع پر سفارت خانے میں ایک پروقار استقبالیہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں اسماعیلیہ اور اسکندریہ کے شہروں سے آئے پاکستانی بھی پاکستانی شریک ہوئے۔

تقریب میں ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا۔ قومی ترانہ روایتی ادب و احترام اور جوش اور جذبے کے ساتھ سنا گیا، اس موقع پر پاکستان انٹرنیشنل سکول کے طلبا نے ملی نغمے بھی پیش کئے ۔ سفیر نے کوئز اور آرٹ اور پینٹنگ کے مقابلوں کے جیتنے والوں کو سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ مصر میں پاکستانی سفیر ساجد بلال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا مطالبہ کرنے پر بانی پاکستان کی دانشمندی اور دور اندیشی کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے قیام امن کے لئے افواج پاکستان کی قربانیوں اور خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے شہداکو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم اپنی آزادی کا جشن مناتے ہیں تو ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو فرموش نہیں کرناچاہیے جو اب بھی غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے مصر میں پاکستانی کمیونٹی کی روشن ڈیجیٹل اکائونٹ اقدام میں بھر پور شرکت کے ذریعے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں گراں قدر تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا اور زور دیا کہ وہ اس اقدام میں اپنی فعال شرکت جاری رکھیں۔

اس موقع پر یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں مصر بھر سے250 سے زائد پاکستانی شریک ہوئے۔ دریں اثنا پاکستان میں مختلف ممالک کے سفارتخانوں کی طرف بھی پاکستان کی یوم آزادی کی گولڈن جوبلی کے پر مسرت موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا ہے ۔پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ملاورمن توگیو نے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا اپنے یوم آزادی ایک ہی ماہ میں مناتے ہیں، انڈونیشیا کا یوم آزادی 17 اگست کو آرہا ہے۔

انہوں نے پاکستان کی یوم آزادی کی ڈائمنڈجوبلی کے موقع پر اپنے تہنیتی بیان میں کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا مسلم اکثریتی ممالک ہیں جن کے مذہبی اور ثقافتی تعلقات کئی نسلوں پر محیط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی ثقافت اور رہن سہن میں بھی بڑی مماثلت پائی جاتی ہے۔ انڈونیشیا کے سفیر نے کہا کہ میں اور انڈونیشیا کے عوام دعاگو ہیں کہ پاکستان کی خوشحالی، امن اور ترقی کا سفر ہمیشہ جاری رہے۔

اسی طرح پاکستان میں جرمنی کے سفیر ایلفرڈ گراناس نے بھی پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستانی عوام کو ''جشن آزادی کی ڈھیروں مبارکیں'' ۔ انہوں نے کہا کہ آج میں نے مختلف سڑکوں کے کنارے پر کئی خصوصی سٹالز دیکھے، میں نے بھی سڑک کے کنارے رک کرپاکستانی پرچم لیا اوراپنی رہائش گاہ پر لگایا۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ سب کے ساتھ آپ کے 75 ویں یوم آزادی کی خوشیاں منانے میں شریک ہوں۔ جرمن سفیر نے مزید کہا کہ میں پاکستانی عوام سے ملاقات کا ہمیشہ خواہشمند رہتا ہوں اور پاکستان اور جرمنی کو قریبی دوست اور اتحادی بنانے کے حوالہ سے باہمی مفادات کے فروغ کیلئے پرعزم ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اورجرمنی قریبی باہمی تعلقات رکھتے ہیں اور میں دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے مثبت کردار ادا کرنے کا خواہاں ہوں۔

اپنے ویڈیو پیغام کے آخر میں جرمنی کے سفیر نے''پاکستان زندہ باد، اور پاک جرمنی دوستی زندہ باد'' کے نعرے بھی لگائے۔ دریں اثنا پاکستان میں جاپان کے سفیرواڈا مٹسوہیرو نے یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے پرمسرت موقع پر جاپان کے عوام کی جانب سے پاکستانی عوام کے لیے یوم آزادی کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رواں سال ہمارے سفارتی تعلقات کی70 ویں سالگرہ بھی منائی جارہی ہے۔

انہوں نے دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ میں اپنے عہد کی تجدید کرتا ہوں کہ اگلے 70 سالوں تک ان تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کے لیے میں اپنا کردارادا کرتا رہوں گا ، انہوں نے انتہائی خوبصورت انداز میں جاپان۔پاکستان دوستی زندہ باد''! عزم عالی شان،شاد رہے پاکستان کے کلمات ادا کرتے ہوئے پاکستان سے محبت کا اظہار کیا۔

برطانیہ ، امریکہ، افریقہ، مشرق وسطیٰ اور سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، قطر سمیت دیگر خلیج ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں اور مشنوں میں بھی پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ مختلف ممالک کی سفارتکار برادری اور نمایاں شخصیات نے شرکت کی ۔ اس موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔