سینٹرل پریس کلب گلگت ،75ویں جشن آزادی پاکستان کے موقع پرپروقار تقریب کا انعقاد،وزیراطلاعات نے رہنمائوں کے ہمراہ کیک کاٹا

پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیاہے، اس ملک کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلئے تمام پاکستانیوں کو ایمانداری سے کام کرنے کی ضرورت ہے،فتح اللہ خان

اتوار 14 اگست 2022 22:25

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2022ء) سینٹرل پریس کلب گلگت میں75ویں جشن آزادی پاکستان کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر اطلاعات فتح اللہ خان نے دیگررہنمائوں کے ہمراہ کیک کاٹا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف گیسٹ فتح اللہ خان نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیاہے اس ملک کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کے لئے تمام پاکستانیوں کو ایمانداری سے کام کرنے کی ضرورت ہے،قیام پاکستان کے بعد شروع میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن تھا ،اس دوران تربیلا اور منگلا جیسے بڑے ڈیم پاکستان میں بنائے گئے ،اس وقت پاکستان نے کئی ملکوں کو قرضے بھی دیئے،ایک وقت تھا جب پی آئی اے کا شماردنیا کے بڑے ائرلائنز میںہوتا تھا،لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ملک میں ترقی کا سفر رک گیا،قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کے حصول کے لئے مشترکہ جدوجہد موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے ،اس مقصد کے حصول کے لئے ہمیں پاکستان و مقدم رکھ کر سب کو مل کر کوشش کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ستر کی دھائی میں پاکستان کے دشمنوں نے فرقہ وداریت کا بیچ ڈالا اور بھائی کو بھائی سے لڑایا ،موجودہ وقت بھی ہمارا ازلی دشمن ہندوستان ہمارے صوبہ بلوچستان میں سازشوں میں مصروف ہے ۔انہوں نے تمام پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کی قدر مقبوضہ کشمیر،فلسطین اور دیگر غلام قوموں سے پوچھو ،اپنے ابا ئو اجدا کی دی ہوئی ہوئی قربانیوں کو سامنے رکھ کر آزادی کی قدر کرو اور ایک بار پھر مل کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوشش کرو ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی بیروکریسی میں موجود افراد میں سے صرف پندرہ فی صد پاکستان کے لئے کام کرتے بقایہ صرف بیگار کے طور پر وقت پاس کر رہے ہیں۔انہووں نے کہا کہ ہمیں 14 اگست 23 مارچ اور یکم نومبر شایان شان طریقے سے منانا چاہیے ۔قبل ازیں صدر پریس کلب خورشید احمد نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے شرکا تقریب کو خوش آمدید کہا اور جشن آزادی کی مبارکباد دی۔تقریب سے مسلم لیگ نون کے رہنما ریاض احمد ،سیکریٹری اطلاعات مومن جان ،گروپ ایڈیٹر کے پی این راجہ سلطان مقپون و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔