پاک ترک ترجیحی معاہدہ سے تجارتی سرگرمیوںمیں اضافہ ہوگا ،عدیل بھٹہ

ترکی میں ملکی اشیاء کی کھپت سے ملکی برآمدات میں اضافہ سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا

پیر 15 اگست 2022 16:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2022ء) صنعتکار رہنماچیئرمین ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہور چوہدری محمد عدیل بھٹہ نے پاکستان اور ترکی کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدہ اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم5ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدہ سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

پاکستان اور ترکی دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کی توسیع گنجائش موجود ہے معاہدے پر پوری طرح عملدرآمد یقینی بنانے سے ملکی صنعتی شعبہ ترقی کرے گا۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین میاں شہریار علی،سید عباس احسن وائس چیئرمین کے ہمراہ صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چوہدری عدیل بھٹہ نے کہا کہ برادر اسلامی ملک ترقی میں ملکی اشیاء کی کھپت سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور صنعتی شعبہ ترقی کرے گا جس سے روزگار کے وافر ذرائع دستیاب ہونگے اور ملک سے بے روزگاری کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔نیز برآمدات میں اضافہ سے حکومت کا برآمد ی ہدف مکمل کرنے میں مدد ملے گی ،برآمدات میں اضافہ سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور حکومت کوبیرونی اداروں سے مزید قرض لینے سے نجات مل جائے گی۔

انہوںنے کہا کہ اس معاہدہ سے پاکستان کو نئی منڈیوں تک رسائی ممکن ہوسکے گی اور پاکستانی اشیاء کی ان منڈیوں میں کھپت سے ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ بیرونی ممالک سے تجارتی معاہدوں سے قبل صنعتی و تجارتی تنظیموں اور تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورتی عمل مکمل کیا جائے تاکہ ان کی تجاویز سے ان معاہدوں پر موثر عملدرآمد ممکن ہوسکے۔