تحریک آزادی کشمیر تکمیل پاکستان کا سفر ہے، ڈاکٹر عرفان اشرف و دیگر کا ریلی سے خطاب

پیر 15 اگست 2022 18:27

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2022ء) تحریک آزادی کشمیر تکمیل پاکستان کا سفر ہے، غازی ملت سردار ابراہیم خان، سردار شمس، سردار سبز علی خان، ملی خان کے جانشین پاکستانی پرچم کی سربلندی کے لئے بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، پاکستان کشمیریوں کی امنگوں کا محور و مرکز ہے۔

پوری ریاست جموں وکشمیر کا پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں، ریاست جموں کشمیر کی بندر بانٹ نہ ریاست پاکستان کے مفاد میں ہے نہ ہی کشمیری کسی ایسے فیصلے کو تسلیم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان وزیر اعظم آزاد کشمیر ڈاکٹر عرفان اشرف، مفتی مسعود الیاس، سردار اسرار بابر، فریڈم موومنٹ کے چئیرمین سردار عمران جنت، عامر ضیا، نعیم ناز، ملک جہانگیر اور دیگر نے راولاکوٹ میں تحریک جوانان کشمیر کے زیر اہتمام منعقدہ پاکستان زندہ باد ریلی سے خطاب کرتے ہوے کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تحریک جوانان کشمیر کے زیر اہتمام پاکستان زندہ باد ریلی ترجمان وزیر اعظم آزاد کشمیر ڈاکٹر عرفان کی قیادت میں پوسٹ گریجویٹ کالج راولاکوٹ سے شروع ہوئی، ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ شرکا نے دل دل پاکستان جان جان پاکستان، تیری جان میری جان پاکستان پاکستان، تیری عزت میری عزت غازی ملت غازی ملت کے نعرے لگائے۔

ریلی منیر چوک راولاکوٹ پہنچ کر جلسہ عام کی شکل اختیار گئی۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوے مقررین نے کہا پاکستان کشمیریوں کے سروں کا سائباں، تحریک آزادی کشمیر کا پشت بان اور ملت اسلامیہ کی امید ہے، آج راولاکوٹ کے غیرت مند بیٹوں نے جشن آزادی ریلی میں بھرپور شرکت کر کے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگ غازی ملت سردار ابراہیم خان، قائد حریت سید علی گیلانی اور دیگر عظیم شہدا کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری و ساری رکھیں گے ۔

مقررین نے مزید کہا کہ کچھ قوتیں کشمیریوں کو پاکستان سے بدظن کرنا چاہتی ہیں جو کسی صورت کشمیریوں کے مفاد میں نہیں ہے۔ کشمیری قوم نے الحاق پاکستان کے لئے قربانیاں دی ہیں اور یہ سفر تکمیل پاکستان تک جاری رہے گا۔ مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، مقررین نے کہا کہ ہمیں ریاست پاکستان پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں تحریک آزادی کشمیر پر سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔

مقررین نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر مسلح افواج نے کشمیر کے محاذ پر کہیں جنگیں لڑیں اور بھارت کے کشمیر پر قبضے کے خواب کو چکنا چور کیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست پاکستان کی سالمیت اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لئے صف اول پر جنگ لڑیں گے اور کشمیر کے پاکستان سے الحاق تک جدوجہد جاری رہے گی۔