پاور سیکٹر کوجدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو آگے لے کر آنا ہوگا، وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان

پیر 15 اگست 2022 18:29

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2022ء) وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر کوجدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو آگے لے کر آنا ہوگا، ملازمین اب پرانی روش ترک کر دیں اور موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق تیزی اور مستعدی سے کام کریں۔ گیپکوفیلڈ سٹاف ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ان کی سیفٹی اولین ترجیح ہے،انہوں نے کہا کہ دفاتر میں ملازمین کی کمی کو دور کیا جائے گا اس حوالے سے کوششیں کر رہے ہیں،گیپکو میں جب بھی بھرتی ہو گی فوت شدہ ملازمین کے بچوں کو ترجیح دی جائے گی۔

بہترین پرفارمنس پر تمام گیپکو ملازمین کیلئے بونس کا اعلان کرتا ہوں ۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے گیپکو ہیڈ کوارٹر میں ملازمین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجتماع سے چیئرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بٹ، چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد ایوب، مرکزی سیکرٹری واپڈا ہائیڈرو ورکر یونین خورشید احمد خان، ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خاں، میاں عطاء الرحمن و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر گیپکو افسران، یونین عہدیدران اور ملازمین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملازمین کو جو ریلیف انتظامی معاملات میں درکار ہو گا فوراََ مہیا کیا جائے گاہم نے ایک ایسا بورڈ تشکیل دیا ہے جس کا تعلق گیپکو کی مٹی سے ہے چاہتا ہوں کہ آپ اتنی محنت سے کام کریں کہ جلد یہ دعویٰ کر سکوں کہ گیپکو پاکستان کی بہترین کمپنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتہ بورڈ اجلاس کے دوران پہلا لفظ جو میرے منہ سے نکلا وہ ملازمین کی حفاظت اور سیفٹی سے متعلق تھا، ملازمین کی جانوں کے تحفظ کیلئے گیپکو کی ہر سب ڈویژن کی سطح پر ایک کرین مہیا کریں گے اس سلسلہ میں گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کام شروع کر دیا ہے جبکہ کرینوں، لفٹر اور ایمولینس خریدنے کیلئے چیف ایگزیکٹو گیپکو کو ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ حکومتی اعلان کے مطابق گیپکو ملازمین کی تنخواؤوں اور پنشن میں اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری، گیپکو میں لم سم پیکج والے ملازمین کی تنخواؤں میں بھی 15فیصد اضافہ کیا جائے گا اورلم سم پیکج والے ملازمین اگر دوسروں سے بہتر کام کریں گے تو کسی صبح انہیں پتہ چلے گا کہ انہیں ریگولر کر دیا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کہا کہ گیپکوپاکستان کی بہترین ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں سے ایک ہے اس کی ترقی کیلئے ہم سب کو ایک ٹیم کی طرح مل جُل کر کام کرنا ہو گا لہذا تمام افسران و ملازمین پورے اعتماد اور لگن کے ساتھ کمپنی کی ترقی کیلئے کام کریں اور کسی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہ لائیں۔

چیف ایگزیکٹو محمد ایوب نے کہا کہ کسٹمر سروسز میں جدت اور معیار کے ساتھ بہتری ہماری اولین ترجیح ہے جبکہ وزیر توانائی کی ہدایت پر لائن لاسز میں کمی اور ریونیو میں اضافے کے ساتھ ساتھ لائن سٹاف کی سیفٹی اور ویلفیئر پر خصوصی توجہ دیں دی جائے گی۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری واپڈا ہائیڈرو ورکر یونین خورشید احمد خان و ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خاں نے وفاقی وزیر کو ملازمین کے مسائل سے آگاہ کیا اور اپنے مطالبات پیش کئے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی مزدور دوست پالیسی کا نتیجہ ہے کہ سٹاف کی کمی کے باوجود ورکر دن رات موسمی تغیرات کی پرواہ کئے بغیر کمپنی کی عزت اور نیک نامی کیلئے 24,24گھنٹے خوش دلی سے کام کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گیپکو کی قیادت نہایت منجھے ہوئے ہاتھوں میں ہے یہی وجہ ہے کہ یہاں کا ماحول نہایت دوستانہ اور ترقی کیلئے سازگار ہے نائب قاصد سے لے کر چیف ایگزیکٹو تک ہر کوئی کمپنی کی فلاح و بہبود کو اولیت دیتا ہے۔ اس موقع پر وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے ملازمین کے جائز مسائل کے فوری حل کیلئے بی او ڈی اور چیف ایگزیکٹو کو ہدایات جاری کی جبکہ یونین کے مطالبہ پر ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر بونس دینے کا اعلان بھی کیا۔\378