ماہانہ سیلز ٹیکس ریٹرن داخل کرانے کی تاریخ بڑھائی جائے، الطاف میمن کا ایف بی آر سے مطالبہ

پیر 15 اگست 2022 22:48

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2022ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد سے ماہانہ سیلز ٹیکس ریٹرن داخل کرانے کی تاریخ بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں حالیہ مون سون بارشوں کا سلسلہ ابھی جاری ہے اور اِسی طرح حیدرآباد میں بھی روزانہ کی بنیاد پر بارشیں ہو رہی ہیں ، اِس کے علاوہ محرم الحرام کے مہینے میں بھی حکومتی ادارے اور کاروبار بند تھے جس کی وجہ سے حیدرآباد کے تاجروں کو ماہانہ سیلز ٹیکس داخل کرانے میں کافی دشواریوں کا سامنا ہے ، الطاف میمن نے کہا کہ ماہانہ سیلز ٹیکس داخل کرانے کی آخری تاریخ میں اضافے کی اشد ضرورت ہے تاکہ تاجر حضرات کو سیلز ٹیکس داخل کرانے میں وقت ملے اور وہ اپنا قومی فریضہ ادا کرتے ہوئے ماہانہ سیلز ٹیکس جمع کراسکیں۔