بھارت، سپورٹس کونسل کا اہلکار 5 ملین بریانی غبن کیس میں گرفتار

جو بل دریافت ہوئے وہ ہوٹل سے بریانی خریدنے، دستاویزات کے فوٹو سٹیٹس، ہارڈ ویئر کی خریداری کیلئے تھے لیکن ان رقوم کا منظم طریقے سے غبن کیا گیا تھا :اینٹی کرپشن بیورو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 اگست 2022 15:50

بھارت، سپورٹس کونسل کا اہلکار 5 ملین بریانی غبن کیس میں گرفتار
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 اگست 2022ء ) اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کے ایک سینئر رکن کو حراست میں لیا ہے جو بریانی کے نام پر 50 لاکھ روپے (بھارتی روپے) کے غبن کے معاملے میں مبینہ طور پر ملوث تھا۔ تفصیلات کے مطابق بیورو نے جموں و کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر ضمیر ٹھاکر اور دیگر عہدیداروں کے خلاف بدعنوانی کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

اے سی بی کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ایس ایس بنٹی، ایس اے حمید، فیاض احمد، ضلع صدر، ضمیر ٹھاکر کے ساتھ 50 لاکھ کے غبن میں ملوث ہیں۔ اے سی بی عہدیدار نے مزید کہا کہ یہ افراد جموں و کشمیر سپورٹس کونسل سے فٹ بال سے متعلق سرگرمیوں کے لئے فنڈز کے غبن میں ملوث تھے جہاں انہوں نے جعلی بل تیار کئے تھے۔

(جاری ہے)

اہلکار نے دعویٰ کیا کہ انہیں جو بل دریافت ہوئے وہ ہوٹل سے بریانی خریدنے، دستاویزات کے فوٹو سٹیٹس اور ہارڈ ویئر کی خریداری کے لیے تھے لیکن ان رقوم کا منظم طریقے سے غبن کیا گیا تھا۔

غور طلب ہے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کھیل کو فروغ دینے کے لیے فٹ بال ایسوسی ایشن کو خاطر خواہ فنڈز مختص کر رہی ہے، لیکن فٹ بال کی سرگرمیاں صرف سری نگر تک محدود ہیں۔