Live Updates

تحریک انصاف کا 21 اگست کو راولپنڈی میں بڑے پاور شو کا فیصلہ

عوام نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا ہے،ملکی مسائل کا واحد حل فوری انتخابات ہیں،عمران خان

Abdul Jabbar عبدالجبار منگل 16 اگست 2022 17:34

تحریک انصاف کا 21 اگست کو راولپنڈی میں بڑے پاور شو کا فیصلہ
اسلام آباد (اردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین ۔ 16 اگست 2022) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماوں کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،جبکہ عمران خان کے کراچی میں کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے کے معاملات پر غور کیا گیا۔ دنیا نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ عمران خان 21 اگست کو راولپنڈی میں بڑا پاور شو کریں گے۔

اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا ہے،ملکی مسائل کا حل فوری انتخابات ہیں،کوئی شک میں نہ رہے کہ عوام میرے ساتھ ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے شہباز گل پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے،ملک میں جلد الیکشن کیلئے حکومت پر دبا ئوبڑھانے،19 اگست کو کراچی میں بڑا جلسہ کرنے،25 مئی کے کرداروں ،اور پولیس افسران کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنمائوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فواد چودھری، بابر اعوان ، شیریں مزاری، زلفی بخاری، علی امین گنڈا پور، غلام سرور، سیف اللہ نیازی سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی، اور عوامی مہم، جلسوں کے شیڈول سمیت دیگر اہم امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ 19اگست کو کراچی میں بڑا جلسہ کیا جائیگا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جلد الیکشن کیلئے حکومت پر دبا ئوبڑھایا جائے گا اور اس کیلئے مختلف شہروں میں جلسوں کی منظوری دی گئی۔ آئندہ ہفتے کے دوران راولپنڈی، کراچی، پشاور، سمیت بڑے شہروں میں جلسے ہوں گے، جبکہ عمران خان اپنی 9نشستوں پر انتخابی مہم خود چلائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات