کل جماعتی حریت کانفرنس کاکشمیری سیاسی نظربندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

قابض انتظامیہ کا سیاسی رہنمائوں کو جھوٹے الزامات کے تحت طویل عرصے تک جیلوں میں قید رکھنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ، بیان

منگل 16 اگست 2022 22:16

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2022ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری سیاسی رہنمائوں ، کارکنوں اورنوجوانوں کی حالت زار پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے انکی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنمائوں زمرودہ حبیب،یاسمین راجہ اور عبدالاحد پرہ نے سرینگر سے جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کہاہے کہ قابض حکام نہ صرف بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں سے غیر انسانی سلوک روا رکھے ہوئے ہے بلکہ وہ انہیں عدالتوں میں پیش نہ کر کے ان کی غیر قانونی نظر بندی کو بھی دانستہ طورپر طول دے رہی ہے۔

بیانات میں کہاگیا ہے کہ قابض انتظامیہ کے پاس سیاسی رہنمائوں کو جھوٹے الزامات کے تحت طویل عرصے تک جیلوں میں قید رکھنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے۔ حریت رہنمائوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔