آزاد کشمیر میں سیاحت کا بڑا پوٹینشل موجود ہے، سیکرٹری اطلاعات آزاد کشمیر مدحت شہزاد

منگل 16 اگست 2022 22:40

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2022ء) آزادکشمیر کی سیکرٹری اطلاعات مدحت شہزاد نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کا بڑا پوٹینشل موجود ہے۔ بین الاقوامی،قومی اور مقامی رفاعی اور فلاحی ادارے ریسکیو،ریلیف بحالی اور تعمیر نو کے کاموں کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ کے لیے بھی کردار ادا کرتے ہوئے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ رہائش گاہیں اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مقامی لوگوں کو بلاسود قرضے فراہم کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں رورل سپورٹ پروگرام کے ہیڈ آفس میں سی ای او آر ایس پی عمر شہزاد جرال کی جانب سے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے چیئرمین چوہدری محمد اختر کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کنٹری ڈائریکٹر کورٹ ساجد دلاور رورل سپورٹ پروگرام کے ممبران بورڈ آف ڈائریکٹرز علی حسنین گیلانی، راجہ آفاق احمد خان،،چیف سپورٹس پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ یاسر بشیر اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر چوہدری محمد اختر نے کہا کہ کورٹ ملک بھر کے دیگر علاقوں کی طرح آزاد کشمیر میں بھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے دکھی انسانیت کی خدمت بیوگان یتامیٰ کی کفالت کے ساتھ ساتھ بے گھر افراد کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ کورٹ نے اخوت کے اشتراک سے کالا ڈب میں ایک کروڑ کی لاگت سے مائیکرو فنانسنگ کی، نیلم کے علاقے سالخلہ میں 150 متاثرہ خاندانوں کو گھر تعمیر کر کے دئیے جبکہ مستقبل میں آزاد کشمیر میں 5 ہزار بیوہ خواتین کو گھر بنا کر دیے جائیں گے، انہوں نے یقین دلایا کہ کورٹ آزاد کشمیر کی ترقی خوشحالی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گا کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے بانی چیئرمین سماجی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان سے تمغہ امتیاز کا اعزاز حاصل کرنے والے آزاد کشمیر کے معروف سماجی رہنما چوہدری محمد اختر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے رورل سپورٹ پروگرام کے سی ای او عمر شہزاد جرال اور محترمہ مدحت شہزاد کا کہنا تھا کہ انکی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، سی ای او رورل سپورٹ پروگرام عمر شہزاد جرال نے ان کا استقبال کیا،اس موقع پر چوہدری محمد اختر نے رورل سپورٹ پروگرام ہیڈ آفس کے احاطے میں پھلدار پودہ لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا، چوہدری محمد اختر نے آر ایس پی کے اشتراک سے رفاعی اور فلاحی سرگرمیاں جاری رکھنے کی پالیسی اپنانے پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی،اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر رورل سپورٹ پروگرام عمر شہزاد جرال نے کہا ہے کہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ نے جو سفر 2005کے زلزلہ سے شروع کیا تھاآزادکشمیر،پاکستان اور افغانستان تک پھیل گیا ہے اس کا سہرا چوہدری محمد اختر کے سر ہے جھنوں نے 2005 کے زلزلہ کے بعد یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت کے سفر کا آغاز کیا تھا۔

آج کورٹ کمپلیکس جنوب ایشیاء کا مثالی فلاحی ادارہ بن گیا ہے جس میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم وتربیت کے ساتھ انہیں جدید تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے اور آزادکشمیر اور پاکستان بھر میں جہاں بھی قدرتی آفات آتی ہیں کورٹ وہاں فلاحی کاموں میں حصہ لینے کے لیے پہنچ جاتا ہے۔کورٹ کے زیر اہتمام پینے کے صاف پانی،بے گھر افراد کی آبادکاری، بے سہارا اور غریب نادار خواتین کی خود کفالت کیلئے سلائی مشین اور ضروری سامان اور معذور افراد میں ویل چیئر کی تقسیم سمیت دیگر حکومتی کاموں میں بھی معاونت کر رہا ہے سپیشل بچے اور افراد معاشرہ کا اہم حصہ ہیں جنہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جا رہا ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر رورل سپورٹ پروگرام عمر شہزاد جرال نے کہا ہے کہ فلاحی اور انسانیت کی خدمت کا فریضہ کسی عبادت سے کم نہیں ہے۔ کورٹ کے چیئرمین چوہدری محمد اختر کا نام فلاحی کاموں میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔انھوں نے ہمیشہ فلاحی اور رفاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جسکے باعث اندرون اور بیرون ملک مخیر حضرات ان پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔