آزادی اس لیے حاصل نہیں کی تھی کہ قوم یہاں غلاموں سے بدتر زندگی بسر کرے، مصطفی کمال

سات دہائیوں سے پاکستان کرپٹ حکمرانوں کے ہاتھوں میں یرغمال ہے۔ ملکی معیشت کے حوالے سے ہر روز تشویشناک خبریں آ رہی ہیں، چیئرمین پی ایس پی

منگل 16 اگست 2022 22:49

آزادی اس لیے حاصل نہیں کی تھی کہ قوم یہاں غلاموں سے بدتر زندگی بسر کرے، ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2022ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہمارے آبا اجداد نے آزادی اس لیے حاصل نہیں کی تھی کہ قوم یہاں غلاموں سے بدتر زندگی بسر کرے۔ سات دہائیوں سے پاکستان کرپٹ حکمرانوں کے ہاتھوں میں یرغمال ہے۔ ملکی معیشت کے حوالے سے ہر روز تشویشناک خبریں آ رہی ہیں۔ ہر ادارے میں رشوت کے ریٹ بڑھ گئے ہیں لیکن کرپٹ اور ظالم حکمران عوام کو صبر کرنے کا مشورہ دے رہے ہے۔

ٹھیکیداروں سے منافع چھوڑ کر بقیہ پیسے رشوت کے طور پر لیے جارہے ہیں، صرف فائلوں میں منصوبے بن رہے ہیں۔ پینے کے پانی اور گٹر لائنوں کا انچارج تک وزیر اعلی ہے۔ انگریز نے بھی یہ ظلم نہیں کیا تھا۔ آسمان سے گرے کھجور میں اٹکے ہیں۔ ہماری آزادی ادھوری ہے، جب تک ان کرپٹ متعصب حکمرانوں سے اس وطن کو آزاد نہیں کرائیں گے تب تک آزادی کی تکمیل ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

مہذب معاشرے اس طرح وجود میں نہیں آتے، مہذب معاشروں میں جانوروں کے حقوق کی بھی حفاظت کی جاتی ہے۔ ایک بلی یا کتے کو خطرہ ہو تو ریاستیں حرکت میں آجاتی ہیں جبکہ یہاں پوری پوری فیملیاں نالوں میں بہہ جاتی ہیں لیکن کسی کے کان پہ جوں تک نہیں رینگی رہی۔ پی ایس پی نے تکمیل آزادی آزادی کا عہد کیا ہے۔آزادی کے مقاصد کی تجدید کی ضرورت ہے کیونکہ ہم ان مقاصد سے بہت دور چلے گئے ہیں۔

یہ ہر پاکستانی کی زمہ داری ہے کہ پاکستان کو ظالموں کے چنگل سے آزاد کروانا ہے۔ ہمیں مل کر آزادی کی تکمیل کرنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاس میں بلدیاتی امیدوران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان جنگ ختم ہو گئی قیدیوں کا تبادلہ ہو گیا، امریکہ نے طالبان قیدی اور طالبان نے امریکی قیدی چھوڑ دیئے بس کوئی نہیں چھوٹا تو پاکستانی قوم کی بیٹی اب تک قید میں ہے کیونکہ ہمارے حکمران کو امریکیوں کے سامنے بات کرنے کی ہمت نہیں ہوتی۔