ڈالر کی قیمت کو دوبارہ سے پر لگ گئے

رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 3 روپے سے زائد مہنگا ہو گیا

muhammad ali محمد علی منگل 16 اگست 2022 20:06

ڈالر کی قیمت کو دوبارہ سے پر لگ گئے
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اگست 2022ء) ڈالر کی قیمت کو دوبارہ سے پر لگ گئے، رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 3 روپے سے زائد مہنگا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق کئی روز تک بہتری دکھانے والا پاکستانی روپیہ منگل کے روز دوبارہ مندی کا شکار ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 3 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ایک امریکی ڈالر 213 روپے کا ہوگیا۔

جبکہ انٹربینک میں کاروبارکےاختتام پر ڈالر 8 پیسے سستا ہوکر 213.90 روپے کا ہوگیا۔ دوسری جانب سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 5700 روپے بڑھی ہے جس کے بعد ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 39 ہزار 900 روپے ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

دس گرام سونےکی قدر 4887 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 19 ہزار 942 روپے ہے جبکہ عالمی صرافہ میں سونے کا بھاؤ 2 ڈالر بڑھ کر 1777 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے۔

ڈالر کی قیمت کے حوالے سے ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے گورنر اسٹیٹ بینک سید مرتضٰی اور ڈپٹی گورنر ڈاکٹر عنایت کو بتایا کہ گزشتہ ماہ ڈالر کا ریٹ جب 245 روپے تک چلا گیا تھا کہ ہم نے پبلک سے اپیل کی تھی کہ اس وقت پاکستان کو فارن ایکسچینج کی اشد ضرورت ہے اورآپ ڈالر خریدنے کی بجائے آپ کے پاس جو کیش ڈالر اور دوسری فارن کرنسیاں جو گھروں اور لاکروں میں پڑی ہیں وہ ان کو فروخت کر کے پاکستانی روپیہ میں سرمایہ کریں کیونکہ ڈالر کا ریٹ بہت جلد245 روپے سے کم ہوکر 185 روپے تک جاسکتا ہے، اس وقت جو فروخت کریگا وہ کمائے گا جو فروخت نہیں کریگابعد میں پچھتائے گا اور عوام نے ہمای بات پر عمل کیا۔