Live Updates

نیب کے آئی بی میں تبدیل ہونے میں کوئی شک باقی نہیں رہے گا

کیا یہ حکومت این سی اے حکام کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالے گی، منی لانڈرنگ کے مجرم بدلے پر اتر آئے ہیں۔سابق معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 16 اگست 2022 20:16

نیب کے آئی بی میں تبدیل ہونے میں کوئی شک باقی نہیں رہے گا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اگست 2022ء) پی ٹی آئی کے سابق معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نیب کے آئی بی میں تبدیل ہونے میں کوئی شک باقی نہیں رہے گا، کیا یہ حکومت این سی اے حکام کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالے گی، منی لانڈرنگ کے مجرم بدلے پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کوئی کیس نہیں لیکن نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا،منی لانڈرنگ کے مجرم بدلے پر اتر آئے ہیں۔

سابق  مشیر احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ یہ سب این سی اے والے معاملے کا ردعمل ہے، این سی اے سیٹلمنٹ نیب انکوائری پر نیب کو دوبارہ مراسلہ لکھا، نیب کو لکھا کہ میرا بیان ویڈیو لنک پر یا پھر لندن ہائی کمیشن میں لے لیا جائے۔ لگتا ہت نیب آزادانہ انکوائری پر یقین نہیں رکھتا اس لیے اپنے خطوط پبلک کیے۔

(جاری ہے)

تمام خطوط اور واٹس ایپ میسجز موصول کیے گئے ہیں۔

نیب نے گھوڑے کے آگے گاڑی ڈال دی ابھی تک کوئی کیس نہیں لیکن نام ای سی ایل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا یہ حکومت این سی اے حکام کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالے گی، نیب کے آئی بی میں تبدیل ہونے میں کوئی شک باقی نہیں رہے گا۔ یاد رہے حکومت نے سابق معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر سمیت10 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، وزراتِ موسمیاتی تبدیلی کی طرف سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلوبل وارمنگ گیسوں کے فضا میں اخراج میں ہمارا حصہ دنیا کا صرف ایک فیصد بنتا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے جنگی بنیادوں پر رین ہاروسٹنگ کی منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ اسلام آباد میں اس منصوبے کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر اجراء کرنے کی تجویز بھی زیرِغور آئی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچاؤ کے لیے اقدامات اور سفارشات کیلئے وفاقی وزیر شیری رحمان کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی۔

کمیٹی میں متعلقہ وزارتوں کے وزراء بھی شامل ہوں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، پانی اور خوراک کا تحفظ  تینوں ایک دوسرے سے منسلک چیلنجز ہیں، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو ان کے اثرات سے بچانے کیلیے اقدامات کی ضرورت ہے، حکومت کو موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے متوقع مسائل کا بخوبی ادراک ہے، اس مسئلہ کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس میں دِیت کی کم ازکم حد 30 ہزار 630  گرام چاندی کے برابر مقرر کرنے کی منظوری دی گئی، دِیت کی کم ازکم حد 43لاکھ روپے کے برابرمقرر کردی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ نے 35 ادویات کی قیمتوں  میں اضافے کی سمری متفقہ طور پر مسترد کردی ہے، وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے 10 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے اور 22 لوگوں کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات