وفاقی حکومت نے دِیت کی کم ازکم حد 43لاکھ روپے کے برابرمقرر کردی

کابینہ اجلاس میں دِیت کی کم ازکم حد 30 ہزار630 گرام چاندی کے برابر مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 16 اگست 2022 20:26

وفاقی حکومت نے دِیت کی کم ازکم حد 43لاکھ روپے کے برابرمقرر کردی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اگست 2022ء) وفاقی کابینہ نے دِیت کی کم ازکم حد 43لاکھ روپے کے برابرمقرر کردی ہے، کابینہ اجلاس میں دِیت کی کم ازکم حد 30 ہزار 630 گرام چاندی کے برابر مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، وزراتِ موسمیاتی تبدیلی کی طرف سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلوبل وارمنگ گیسوں کے فضا میں اخراج میں ہمارا حصہ دنیا کا صرف ایک فیصد بنتا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے جنگی بنیادوں پر رین ہاروسٹنگ کی منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ اسلام آباد میں اس منصوبے کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر اجراء کرنے کی تجویز بھی زیرِغور آئی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچاؤ کے لیے اقدامات اور سفارشات کیلئے وفاقی وزیر شیری رحمان کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی۔

(جاری ہے)

کمیٹی میں متعلقہ وزارتوں کے وزراء بھی شامل ہوں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، پانی اور خوراک کا تحفظ  تینوں ایک دوسرے سے منسلک چیلنجز ہیں، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو ان کے اثرات سے بچانے کیلیے اقدامات کی ضرورت ہے، حکومت کو موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے متوقع مسائل کا بخوبی ادراک ہے، اس مسئلہ کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس میں دِیت کی کم ازکم حد 30 ہزار 630 گرام چاندی کے برابر مقرر کرنے کی منظوری دی گئی، دِیت کی کم ازکم حد 43لاکھ روپے کے برابرمقرر کردی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ نے 35 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری متفقہ طور پر مسترد کردی ہے، وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے 10 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے اور 22 لوگوں کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دی ہے۔