پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے بین الاقوامی تعلیمی پروگرام وقت کی ضرورت ہیں،ڈاکٹر مصدق ملک

بدھ 17 اگست 2022 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2022ء) وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہےکہ پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے بین الاقوامی تعلیمی پروگرام وقت کی ضرورت ہیں۔وہ منگل کو یہاں یونیورسٹی آف ہرٹ فورڈ شائر کے وائس چانسلر پروفیسر کوئنٹن میک کیلر کی زیر قیادت وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے ڈاکٹر مصدق ملک سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے وائس چانسلر کا پاکستان میں خیرمقدم کیا اور پاکستان کے تعلیمی شعبے میں ان کی دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے جو بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے ساتھ مل کر اعلیٰ تعلیم فراہم کرتے ہیں پاکستانی اعلیٰ تعلیمی پروفائل میں زبردست اضافہ ہیں۔ وفد نے قابل تجدید توانائی اور ہائیڈرو کاربن سمیت متنوع شعبوں میں جدت اور کاروبار کی حوصلہ افزائی کے لیے نتائج پر مبنی تعلیم نےفراہم کرنے کے لیے اپنے وژن کا اظہار کیا۔ڈاکٹر مصدق ملک نے ان کے وژن میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور ایسے اداروں کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔