Live Updates

بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیلئے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں، انجینئر خرم دستگیر خان

بدھ 17 اگست 2022 01:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2022ء) وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیلئے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں، حکومت غریب عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے تمام اہم اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں تیل اور بجلی کی قیمتیں کم ہو جائیں گی، حکومت کو ملکی مفاد کے لیے سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی کمزور معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، عمران خان کی ناقص گورننس کی وجہ سے پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معقول معاہدے کیے ہیں، حکومت غریب عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے تمام اہم اقدامات کر رہی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات