Live Updates

الیکشن صرف دکھانے کے ہیں منتخب لوگ ڈمی ہیں،فواد چوہدری

ملک میں آمریت کے سائے طویل اور ہم رات کے اندھیرے میں جامد ہیں،پاکستان میں حقیقی آزادی کی جدوجہد کے بغیر کوئی چارہ نہیں،رہنما تحریک انصاف

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 17 اگست 2022 10:36

الیکشن صرف دکھانے کے ہیں منتخب لوگ ڈمی ہیں،فواد چوہدری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبارتازہ ترین۔ 17 اگست2022ء) سابق وزیر اطلاعات اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حقیقی آزادی کی جدوجہد کے بغیر کوئی چارہ نہیں۔ 75 سال بعد بھی شہریوں کو بنیادی حقوق حاصل نہیں ہیں۔ فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن صرف دکھانے کے ہیں منتخب لوگ ڈمی ہیں،نہ ان کی کوئی حیثیت ہے اور نہ ہی پالیسی میں کوئی کردارہے۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں آمریت کے سائے طویل اور ہم رات کے اندھیرے میں جامد ہیں،سحر کیلئے جدوجہد چاہیئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اطلاعات اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے پیپلزپارٹی کوچیلنج دیا،فواد چوہدری نے کراچی کی قومی اسمبلی نشست سے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی قیادت کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا چیلنج دیا۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان نے کراچی میں کاغذات نامزدگی کیا جمع کرائے پیپلز پارٹی والوں کی کا نپیں ٹانگ رہی ہیں،بھاگنے کا راستہ نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری صاحب اب آپ نے گھبرانا نہیں ہے،ہمت ہے تو اپنے کاغذات جمع کرائیں اور الیکشن لڑیں،پھر مقبولیت کا بھی پتہ چل جائے۔ قبل ازیں فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت گرانے کیلئے ملک گیر تحریک کا آغاز کیا جارہا ہے۔

19تاریخ کو پہلا جلسہ ہوگا۔ حیدرآباد،ملتان،سرگودھا اور شیخوپورہ سمیت ملک بھر میں جلسے کیے جائیں گے۔ انتخابات کی تاخیر ناقابل برداشت ہے،معیشت پر میثاق معیشت احمقانہ بات ہے۔پارٹی نے متفقہ طور پر شہباز گل کے ساتھ ہونے والے سلوک کی مذمت کی،شہباز گل پر تشدد کیا گیا جو بالکل غلط ہے، جبکہ ریمانڈ اس لیے مانگا جارہا ہے کہ اسے ٹارچر کیا جاسکے۔ انکا کہنا تھا کہ فضل الرحمن،نواز شریف،ایاز صادق اور خواجہ آصف کس کس کا نام لیں،ان کی گفتگو اس سے زیادہ تھی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات