پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سرگودیا ڈویژن میں کارروائی،21فوڈ پوائنٹس کو2لاکھ57ہزار روپے جرمانہ

بدھ 17 اگست 2022 16:16

پنجاب فوڈ اتھارٹی  کی سرگودیا ڈویژن میں  کارروائی،21فوڈ پوائنٹس کو2لاکھ57ہزار ..
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2022ء) ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشن محمد عمر فاروق کی سربراہی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے سرگودھا ڈویژن میں قواعدو ضوابط کی خلاف ورزیو ں پر21فوڈ پوائنٹس کو 2 لاکھ 57 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے فوڈ لیب بھیجے گئے دودھ کے نمونوں کے انتہائی ناقص نتائج پر 16بلاک سرگودھا میں واقع ایک ڈیری مالک کیخلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کروا دیا۔

علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشن محمد عمر فاروق کی سربراہی میں سرگودھا میں مزید کارروائیوں کے دوران 4 ڈیری شاپس، 3 سویٹس شاپس،2ڈیپارٹمینٹل سٹور، 2چکن شاپ اور ایک فاسٹ فوڈ پوائنٹ کو صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات،زائد المیعاد اجزا سے اشیاء کی فروخت، ناقص سٹوریج، نامکمل میڈیکل سرٹیفکیٹس اور سابقہ نوٹسز کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باعث مجموعی طور پر ایک لاکھ92ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فوڈسیفٹی ٹیم نے میانوالی میں کارروائی کرتے ہوئے 1ایک ہوٹل کوپروڈکشن ایریا میں حشرات کی موجودگی پر10ہزارروپے جرمانہ عائد کیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے خوشاب میں چیکنگ کے دوران 2ہوٹل، ایک سویٹس شاپ اورایک کریانہ سٹور کو صفائی کے ناقص انتظامات ، غیر معیاری اجزا کے استعمال اور زائد المیعاد اشیاء کی فروخت پر مجموعی طور پر33 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔

فوڈ سیفٹی ٹیم نے بھکر میں کارروائیاں کرتے ہوئے2کریانہ سٹور، ایک ہوٹل اورایک بیکری کو حفظان صحت کے ناقص انتظامات، ریکارڈ کی عدم دستیابی اور مضر صحت اجزاء سے تیار اشیاء کی فروخت کے باعث 22ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے سرگودھا ڈویژن میں245لیٹر دودھ اور 19لیٹر مضر صحت پانی تلف کیا ہے جبکہ108فوڈ پوائنٹس کو معمولی نقائص پر وارننگ نوٹسز جاری کیے ہیں جن پر عمل نہ ہونے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔