فیصل آباد میں لڑکی پر تشدد کا معاملہ، ایک اور کردار بے نقاب ہو گیا

ایف آئی آر میں نامزد ملازمہ مرکزی ملزم شیخ دانش کی دوسری اہلیہ نکلی، ملزم شیخ دانش نے ماہم کو اپنی سیکرٹری ظاہر کیا تھا،ملزمہ نے لڑکی پر تشدد کیا تھا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 17 اگست 2022 16:00

فیصل آباد میں لڑکی پر تشدد کا معاملہ، ایک اور کردار بے  نقاب ہو گیا
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اگست2022ء) فیصل آباد میں لڑکی پر تشدد کے معاملے میں ایک اور کردار بےنقاب ہو گیا۔ایف آئی آر میں نامزد ملازمہ مرکزی ملزم شیخ دانش کی دوسری اہلیہ نکلی۔ملزم شیخ دانش نے ماہم کو اپنی سیکرٹری ظاہر کیا تھا۔ویڈیو میں متاثرہ لڑکی پر تشدد کرنے والی ملزمہ ماہم ہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم نے شیخ دانش کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔

چھاپے کے دوران ملزم کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون تحویل میں لے لیا گیا۔غیر اخلاقی ویڈیوز کی ریکوری کے لیے سائبر کرئم نے کارروائی شروع کر دی۔ایف آئی اے نے پولیس کے ہمراہ ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا۔متاثرہ لڑکی کے ساتھ پیش آئے افسوسناک واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر 16 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔پولیس نے لڑکی کی دوست سمیت 16 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جب کہ واقعے میں ملوث 6 افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد پولیس نے خاتون پر تشدد اور تذلیل کرنے والے چھ ملزمان سمیت خاتون ملزمہ کو کل گرفتار کر لیا گیا تھا۔ سی پی او فیصل آباد کی تشکیل کردہ خصوصی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے فوری ملزمان کو گرفتار کیا۔متاثرہ لڑکی کے پولیس کو دئیے گئے بیان کے مطابق ملزم اس کی دوست کا والد ہے جو اس سے شادی کرنا چاہتا تھا۔

لڑکی کے مطابق ملزم نے مجھ سے شادی سے انکار پر تشدد کا نشانہ بنایا۔وہ 16 ساتھیوں کے ساتھ گھر میں داخل ہوا اور تشدد کیا۔ملزمان مجھے اور بھائی کو گھر لے گئے اور وہاں جا کر تشدد کیا۔میرے سر کے بال اور بھنوئیں کاٹ دیں مجھے جوتے چاٹنے پر مجبور کیا،ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے جنسی طور پر ہراساں کیا اور ویڈیوز بھی بنائیں۔واقعے کی ویڈیو بنانے کے معد مجھے دھمکیاں دے کر چھوڑا گیا۔لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان نے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دیں۔