Live Updates

عمران خان کی شہباز گل کو راولپنڈی کے اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت

آئی جی جیل خانہ جات نے موقف اپنایا یہ کام غیر قانونی ہے نہیں ہو سکتا، عمران خان نے ہدایت کی کہ جو بھی نتائج ہوں پرواہ نہیں،شہباز گل کو منتقل کیا جائے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 17 اگست 2022 17:21

عمران خان کی شہباز گل کو راولپنڈی کے اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اگست2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے شہباز گل کو اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کر دی۔دنیا نیوز کے مطابق عمران خان کی جانب سے شہباز گل کو راولپنڈی کے اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات نے موقف اپنایا کہ یہ کام غیر قانونی ہے نہیں ہو سکتا۔تاہم عمران خان نے آئی جی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو ہدایت کی ہے کہ جو بھی نتائج ہوں پرواہ نہیں،شہباز گل کو منتقل کیا جائے۔

جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے وکلاء نے ان کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے فیصلے کو چیلنج کر دیا۔شہباز گل کے وکلا نے سیشن عدالت کے جسمانی ریمانڈ کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ شہباز کے دوبارہ ریمانڈ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی۔

اسلام آباد کی سیشن عدالت نے شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔ ا یڈیشنل سسیشن جج زیبا چوہدری نے پولیس کی فوجداری نگرانی اپیل بھی منظور کرلی ۔ عدالت نے حکم دیا کہ شہباز گل کو 48 گھنٹوں کیلئے پولیس کے حوالے کیا جاتا ہے۔ قبل ازیں اسلام آباد کی سیشن عدالت میں بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں گرفتار شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ سے متعلق کیس پر سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کے کیس پر سماعت کی۔

دوران سماعت شہبازگل کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل کئے کہ شہباز گل کے خلاف درج مقدمہ بدنیتی پر مبنی ہے،ہمیں کیس کا ریکارڈ بھی فراہم نہیں کیا گیا،ریمانڈ میں کچھ چیزیں خفیہ رکھی گئی ہیں،پراسیکیوشن کے مطابق شہباز گل نے اپنی تقریر تسلیم کر لی۔ وکیل نے بتایا کہ پراسیکیوشن زیادہ زور دے رہی ہے کہ شہباز گل نے کسی کے کہنے پر تقریر کی،اینکرز سیاسی رہنماؤں کو ٹی وی پر بلاتے ہیں اور وہ روزانہ بولتے ہیں،کچھ چیزیں غلط تو ہو سکتی ہیں لیکن وہ بغاوت،سازش یا جرم میں نہیں آتیں،شہباز گل کے انٹرویو کا کچھ حصہ نکال کر اس پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات