متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو 'آرڈر آف یونین' میڈل سے نواز ا

بدھ 17 اگست 2022 22:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2022ء) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو 'آرڈر آف یونین' میڈل سے نواز ا، یہ اعزاز 'دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں ان کے نمایاں کردار کے اعتراف میں' دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف، متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پرہیں جہاں انہوں نے یو اے ای کے صدر سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور مشرق وسطیٰ میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان خوشگوار تعلقات اور بھائی چارے کے گہرے جذبے کی ایک عظیم تاریخ ہے جو ایک پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہو رہی ہے۔اس سے قبل 26 جون 2022 کو سعودی ولی عہد اور نائب وزیر اعظم محمد بن سلمان نے پاکستانی فوج کے سپہ سالار کو 'کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس' سے نوازا تھا۔9 جنوری 2021 کو انہیں بحرین کے ولی عہد نے 'بحرین آرڈر (فرسٹ کلاس) ایوارڈ' کا اعزاز عطا کیا جبکہ 5 اکتوبر 2019 کو اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے 'آرڈر آف ملٹری میرٹ' سے نوازا تھا۔