ملک میں معاشی بحران ہے،وزیراعظم کا میثاقِ معیشت کا پیغام مثبت ہے،یو بی جی

معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے سیاست دانوں کو اختلافات بھلا کر مل بیٹھنا چاہیے،ایس ایم منیر،زبیرطفیل،خالدتواب

بدھ 17 اگست 2022 22:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2022ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،صدر زبیرطفیل،چیئرمین سندھ ریجن خالدتواب،مرکزی ترجمان گلزار فیروز،ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدورسید مظہرعلی ناصر،ایف پی سی سی آئی الیکشن میں یو بی جی کے صدارتی امیدوار عاطف اکرام شیخ،امیدوارسینئرنائب صدر عارف جیوا اور دیگر رہنمائوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے میثاقِ معیشت کے پیغام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقتملک مشکل ترین معاشی بحران سے گزر رہا ہے، سیاست دانوں کو اپنے اختلافات بھلا کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے مل جل کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔

یونائٹیڈ بزنس گروپ کے مرکزی ترجمان گلزارفیروز کے مطابقیو بی جی رہنمائوں نے مزید کہا کہ سیاست اور کاروبار پاکستان کی طاقت سے ہی زندہ رہیں گے،موجودہ حکومت جب سے برسراقتدار آئی ہے تب سے قرضوں، روپے کی قدر میں کمی اور مہنگائی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا سامنا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انکاکہناتھا کہ تاجر برادری معیشت کو سنبھالنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مضبوط اکانومی کا پیغام دیتی ہے اور پاکستان کے استحکام کے لیے سیاستدان تمام اختلافات بھلا دیں۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنماؤں نے دوسروں کی محتاجی پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہم کب تک غیر ملکی امداد پر انحصار کرتے رہیں گے۔ یو بی جی کی قیادت نے سیاسی جماعتوں سے کہا کہ پہلے معیشت کو ٹھیک کریں، کیونکہ عام آدمی روٹی کو ترس رہا ہے، مہنگائی عروج پر ہے، غریب کا جینا مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں تاجر برادری کی قیادت کی مشاورت سے اکٹھے ہوں اور آئندہ کا معاشی لائحہ عمل بنائیں ورنہ عام آدمی کی مشکلات کم ہونے کی بجائے بڑھیں گی جس سے پاکستان کمزور ہوگا، ہمارا بنیادی مشترکہ مقصد پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے، تب ہی ملک میں سیاست ہوگی اور کاروبار ممکن ہوسکے گا۔